الیکشن کمیشن نے مراد سعید کی خالی نشست پر الیکشن روک دیا

الیکشن کمیشن نے مراد سعید کی خالی نشست پر الیکشن روک دیا

مراد سعید کی نااہلی، سینیٹ نشست پر ضمنی انتخاب روک دیا گیا، سماعت 6 مئی تک مؤخر کردیا ۔

الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کے سینیٹر مراد سعید کی نااہلی کے بعد خالی ہونے والی سینیٹ نشست پر ضمنی انتخاب عارضی طور پر روک دیا ہے۔ یہ ضمنی انتخاب 23 اپریل کو شیڈول تھا، تاہم جاری قانونی کارروائی کے باعث اسے مؤخر کر دیا گیا ہے۔

الیکشن کمیشن میں سماعت کے دوران درخواست گزار جلال خان کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ مراد سعید نے سینیٹ کا حلف نہیں اٹھایا تھا، لہٰذا جب رکن نے حلف ہی نہیں لیا تو نشست کو خالی کیسے قرار دیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ اس معاملے کے حتمی فیصلے تک ضمنی انتخاب ملتوی کیا جائے۔

الیکشن کمیشن نے دلائل سننے کے بعد فریقین کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے خالی نشست پر ضمنی انتخاب اگلی سماعت تک روک دیا۔ کیس کی مزید سماعت 6 مئی کو ہوگی۔

واضح رہے کہ مراد سعید کو راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی عدالت کی جانب سے 10 سال قید کی سزا سنائے جانے کے بعد آئین کے آرٹیکل 63(1)(h) کے تحت نااہل قرار دیا گیا تھا، جس کے نتیجے میں ان کی سینیٹ نشست خالی قرار دی گئی۔

Scroll to Top