خیبرپختونخوا اسمبلی کااجلاس اسٹیڈیم میں بلانے کے فیصلے پراے این پی کا ردعمل

عوامی نیشنل پارٹی خیبرپختونخوا کے صدر میاں افتخار حسین نے صوبائی اسمبلی کا اجلاس اسٹیڈیم میں بلانے کے فیصلے کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اسے حکومت کی ایک اور “تماشہ بازی” قرار دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پختونخوا حکومت آئے روز کوئی نہ کوئی نیا ڈرامہ رچا رہی ہے جبکہ عوام کے بنیادی مسائل جوں کے توں ہیں۔ صوبے میں امن و امان کی صورتحال انتہائی تشویشناک ہے، آئے روز پولیس لائنز اور ایف سی کے دفاتر میں سیکیورٹی اہلکاروں کے جنازے اٹھائے جا رہے ہیں مگر حکومت سنجیدہ اقدامات کرنے کے بجائے نمائشی سرگرمیوں میں مصروف ہے۔

انہوں نے سوال اٹھایا کہ اسٹیڈیم میں اجلاس بلانے کا آخر مقصد کیا ہے؟ اگر یہ کہا جائے کہ عوام کو براہِ راست کارروائی دکھانا مقصود ہے تو کیا اسمبلی اجلاس پہلے سے لائیو نشر نہیں ہوتے؟ یہ اقدام محض عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش ہے۔

میاں افتخار حسین نے مزید کہا کہ اس غیر ضروری اقدام پر آنے والے اخراجات کو عوامی فلاح و بہبود پر خرچ کیا جانا چاہیے تھا، کیونکہ صوبہ اس وقت سنگین مسائل سے دوچار ہے۔

انہوں نے زور دیا کہ کھیل کے میدانوں کو سیاسی سرگرمیوں کے بجائے کھیلوں کے فروغ کیلئے استعمال کیا جائے۔

انہوں نے واضح اعلان کیا کہ عوامی نیشنل پارٹی اس “ڈرامہ بازی” کا حصہ نہیں بنے گی اور اس اجلاس کا مکمل بائیکاٹ کرے گی۔

Scroll to Top