پاکستان کی کامیاب سفارتکاری کے نتیجے میں اسلام آبادمذاکرات کے حوالے سے بڑی پیش رفت سامنے آئی ہے۔
معروف اینکر شاہزیب خانزادہ نے ذرائع کے حوالے سے تصدیق کی ہے کہ ایران اور امریکہ کے درمیان تعمیری رابطے بحال ہو گئے ہیں جس سے مذاکرات کے انعقاد پر چھائے غیر یقینی کے بادل چھٹ گئے ہیں۔
شاہزیب خانزادہ کے مطابق، اگرچہ چند گھنٹے قبل تک صورتحال کافی تشویشناک تھی اور وفاقی وزیرِ اطلاعات عطا اللہ تارڑ کے بیان سے مایوسی پھیل رہی تھی کہ شاید ایران مذاکرات کی میز پر نہ آئےتاہم پاکستان کی مسلسل سفارتی کوششوں نے حالات کا رخ موڑ دیا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ جہاں ایک وقت میں دونوں ممالک دوبارہ تصادم کی طرف بڑھتے دکھائی دے رہے تھے، اب وہاں سے مثبت اشارے مل رہے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کی جانب سے دونوں فریقین کے ساتھ مسلسل رابطوں کے باعث اب یہ قوی امید پیدا ہو گئی ہے کہ دونوں ممالک کے وفود طے شدہ منصوبے کے مطابق اسلام آباد پہنچیں گے۔
شاہزیب خانزادہ نے واضح کیا کہ پاکستان اس وقت خطے میں امن کے لیے ایک کلیدی پل کا کردار ادا کر رہا ہے اور حالیہ ‘تعمیری رابطے اس مشن کی بڑی کامیابی قرار دی جا رہی ہے۔





