پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی فرنچائز لاہور قلندرز نے انسانیت دوستی کی ایک شاندار مثال قائم کرتے ہوئے کینسر کے مرض سے لڑنے والے بچے کی اپنے پسندیدہ کھلاڑی سے ملاقات کی خواہش پوری کر دی۔
گوجرانوالہ کے علاقے قلعہ دیدار سنگھ سے تعلق رکھنے والے بچے فرزان نے ایک ویڈیو پیغام کے ذریعے لاہور قلندرز کے کپتان شاہین شاہ آفریدی سے ملاقات کی خواہش کا اظہار کیا تھا۔ ویڈیو سامنے آنے کے بعد ٹیم انتظامیہ نے فوری طور پر اس خواہش کو پورا کرنے کے لیے اقدامات کیے۔
A very special Qalandar is in the house to support us today 💚
Farzan, who has been fighting cancer for four years, wanted to meet his hero Shaheen. Today, he got his wish fulfilled🌟🫂 pic.twitter.com/91sOb8NIaI
— Lahore Qalandars (@lahoreqalandars) April 21, 2026
لاہور قلندرز نے فرزان کو خصوصی طور پر اسٹیڈیم مدعو کیا، جہاں اس کی ملاقات کپتان شاہین شاہ آفریدی اور ٹیم کے عہدیدار ثمین رانا سے کروائی گئی۔ ملاقات کے دوران کھلاڑیوں نے بچے کے ساتھ وقت گزارا اور اس کے حوصلے کو سراہا۔
اس موقع پر شاہین شاہ آفریدی نے فرزان کو اپنی دستخط شدہ جرسی تحفے میں دی جبکہ یادگار تصاویر بھی بنائی گئیں۔ بچے کے چہرے پر خوشی اور جوش نمایاں تھا۔
یہ بھی پڑھیں : اسٹیو اسمتھ کا پی ایس ایل سے متعلق اہم بیان سامنے آگیا
فرزان نے نہ صرف اپنے پسندیدہ کھلاڑی سے ملاقات کی بلکہ اس نے اسٹیڈیم میں بیٹھ کر لاہور قلندرز کا میچ بھی دیکھا اور کھیل سے بھرپور لطف اٹھایا۔
بعد ازاں بچے اور اس کے والد نے لاہور قلندرز کی انتظامیہ کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے ٹیم اونر عاطف رانا سمیت تمام ذمہ داران کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا اور اس اقدام کو ایک یادگار لمحہ قرار دیا۔





