ہر کھلاڑی اہم ہے، صرف ایک پر انحصار نہیں، فاسٹ بولر محمد علی

پاکستان سپر لیگ کے اہم مقابلے میں ملتان سلطانز کو شکست دینے کے بعد حیدرآباد کنگزمین کے فاسٹ بولر محمد علی نے ٹیم کی مجموعی کارکردگی کو جیت کی بنیادی وجہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ کرکٹ ایک ٹیم گیم ہے اور ہر میچ کسی ایک کھلاڑی کے بل بوتے پر نہیں جیتا جا سکتا۔

میچ کے بعد پریس کانفرنس میں گفتگو کرتے ہوئے محمد علی کا کہنا تھا کہ ٹورنامنٹ کے آغاز میں ٹیم کا کمبی نیشن درست نہ ہونے کے باعث مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، تاہم کراچی آنے کے بعد ٹیم نے بہتر مومینٹم حاصل کیا، جس کے نتیجے میں اب پلے آف میں رسائی کے امکانات روشن ہو گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ابتدائی شکستوں کے باوجود ٹیم کا ماحول مثبت رہا، اور کھلاڑیوں نے حوصلہ نہیں ہارا۔ ان کے مطابق ٹیم میں جارح مزاج بیٹرز موجود ہیں جبکہ مارنوس لبوشین اینکر کا کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے عثمان خان کی شاندار بیٹنگ کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی سنچری کے بعد ٹیم مضبوط پوزیشن میں آ گئی تھی۔

محمد علی نے نوجوان بیٹر صائم ایوب کے حوالے سے کہا کہ انہیں صرف ایک اچھی اننگز کی ضرورت ہے، جس کے بعد وہ بھرپور کم بیک کر سکتے ہیں۔

فاسٹ بولر نے وکٹ کے بارے میں بتایا کہ اس میچ میں درمیانی رفتار (110 سے 115 کلومیٹر فی گھنٹہ) کی گیندیں زیادہ مؤثر ثابت ہوئیں، جبکہ ٹیم نے دونوں اننگز میں آخری چار اوورز کا بہترین استعمال کیا۔

یہ بھی پڑھیں : سائپرس میں پاکستانیوں کے لیے خطرے کی گھنٹی، سخت وارننگ جاری

انہوں نے کوچنگ اسٹاف کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ کوچز نے ہر کھلاڑی کو مکمل سپورٹ فراہم کی، جو ٹیم کے کم بیک میں اہم ثابت ہوئی۔ ان کے مطابق ہر ٹیم جیت کے منصوبے کے ساتھ میدان میں اترتی ہے اور ملتان سلطانز نے بھی اچھا کھیل پیش کیا۔

محمد علی نے مزید کہا کہ گلین میکسویل ڈریسنگ روم میں کھلاڑیوں کی رہنمائی کر رہے ہیں اور ان جیسے تجربہ کار پلیئر کی موجودگی ٹیم کے لیے فائدہ مند ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ وہ بولنگ کے دوران کسی بیٹر کے نام سے متاثر نہیں ہوتے بلکہ ہر کھلاڑی کو یکساں اہمیت دیتے ہیں۔

یاد رہے کہ حیدرآباد کنگزمین نے ملتان سلطانز کو 4 وکٹوں سے شکست دی، جبکہ عثمان خان کو شاندار سنچری اسکور کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

Scroll to Top