ضلع خیبر: بارش کے دوران مدرسے پر آسمانی بجلی گر گئی، 10 بچیاں زخمی

سید ہارون شینواری

ضلع خیبر کے علاقے پائیندی چینہ ذخہ خیل میں شدید بارش کے دوران ایک مدرسے پر آسمانی بجلی گرنے کے نتیجے میں 10 بچیاں شدید زخمی ہو گئی ہیں۔

پولیس اور مقامی ذرائع کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب مدرسے میں طالبات تدریس میں مصروف تھیں کہ اچانک آسمانی بجلی عمارت پر آ گری۔

زخمی ہونے والی تمام بچیوں کو فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

ہسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ زخمی بچیوں میں سے دو کی حالت تشویشناک ہے جنہیں بہتر علاج کے لیے بڑے ہسپتال منتقل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

مقامی انتظامیہ اور امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ چکی ہیں اور متاثرہ مدرسے میں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔

Scroll to Top