محمد عباس
باجوڑ: باجوڑ میں افسوسناک واقعے کے بعد سیکیورٹی حکام کی جانب سے متاثرہ خاندان سے اظہارِ یکجہتی کا سلسلہ جاری ہے، اسی سلسلے میں کمانڈنٹ باجوڑ اسکاوٹس وقاص گھومن نے تحصیل سالارزئی کے گاؤں لیٹی کا دورہ کیا۔
دورے کے دوران کمانڈنٹ وقاص گھومن نے مسمی طاہر کے گھر جا کر ان سے ملاقات کی اور 15 مارچ 2026 کو افغانستان کی جانب سے فائر کیے گئے گولے کے نتیجے میں شہید ہونے والے ان کے چار بیٹوں کے ایصالِ ثواب کے لیے خصوصی دعا کی۔ اس موقع پر فضا سوگوار رہی اور اہلِ خانہ غم سے نڈھال دکھائی دیے۔
کمانڈنٹ نے لواحقین سے دلی ہمدردی اور افسوس کا اظہار کیا اور انہیں یقین دلایا کہ مشکل کی اس گھڑی میں سیکیورٹی فورسز ان کے ساتھ کھڑی ہیں۔
انہوں نے متاثرہ خاندان کو فوری طور پر نقد مالی امداد بھی فراہم کی تاکہ ان کی ابتدائی ضروریات پوری کی جا سکیں۔
یہ بھی پڑھیں : پی ٹی آئی کی سیاسی کمیٹی میں دو نئے ارکان شامل، باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری
وقاص گھومن نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ متاثرہ خاندان کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا اور آئندہ بھی ہر ممکن تعاون جاری رکھا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ایسے المناک واقعات میں متاثرین کی دلجوئی اور عملی مدد ریاستی اداروں کی ذمہ داری ہے، جسے ہر صورت پورا کیا جائے گا۔
مقامی افراد نے بھی کمانڈنٹ کے دورے کو سراہتے ہوئے اسے متاثرہ خاندان کے لیے حوصلہ افزا قرار دیا اور امید ظاہر کی کہ متاثرین کی بحالی کے لیے مزید اقدامات کیے جائیں گے۔





