اسلام آباد پولیس نے شہر میں سیکیورٹی کے پیشِ نظر جامع ٹریفک ایڈوائزری جاری کر دی ہے جس کے تحت ریڈ زون اور ایکسپریس وے سمیت شہر کی کئی اہم شاہراہیں ہر قسم کی آمد و رفت کے لیے بند رہیں گی۔
پولیس حکام کے مطابق ریڈ زون اور اس کا توسیعی علاقہ مکمل طور پر سیل رہے گا جبکہ کورال سے زیرو پوائنٹ تک ایکسپریس وے پر بھی ٹریفک کا داخلہ ممنوع ہو گا۔
اس کے علاوہ سری نگر ہائی وے پر بھی مختلف اوقات میں ٹریفک روکی جا سکتی ہے، جبکہ شہر کی حدود میں ہیوی ٹریفک کے داخلے پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے اورڈرائیوروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ان دنوں اسلام آباد کی طرف سفر سے گریز کریں۔
شہریوں کی سہولت کے لیے متبادل راستوں کا اعلان بھی کیا گیا ہے جس کے مطابق جی فائیو، جی سکس، جی سیون، ایف سکس اور ایف سیون کے رہائشی راولپنڈی آنے جانے کے لیے مارگلہ روڈ سے نائنتھ ایونیو استعمال کر سکتے ہیں۔
فیصل ایونیو سے زیرو پوائنٹ آنے والی ٹریفک کو بھی نائنتھ ایونیو کی طرف موڑ دیا جائے گا، جبکہ زیرو پوائنٹ سے کورال چوک کی بندش کی صورت میں شہری سری نگر ہائی وے سے نائنتھ ایونیو اور اسٹیڈیم روڈ سے ہوتے ہوئے مری روڈ اور راول روڈ کا راستہ اختیار کر کے کورال پہنچ سکتے ہیں۔ پارک روڈ اور کلب روڈ بند ہونے کی صورت میں ٹریفک کو ترامڑی چوک کی جانب بھیجا جائے گا۔
بھارہ کہو سے راولپنڈی آنے جانے والے شہری کورنگ روڈ، بنی گالہ اور لہتراڑ روڈ استعمال کریں جبکہ صدر راولپنڈی سے آنے والے شہری کرنل شیر خان روڈ اور فقیر ایپی روڈ کا راستہ اختیار کر سکتے ہیں۔
جی ٹی روڈ پر چلنے والی ہیوی ٹریفک کے لیے بھی خصوصی پلان ترتیب دیا گیا ہے جس کے تحت پشاور سے لاہور جانے والی گاڑیاں ٹیکسلا سے موٹروے، چکری انٹرچینج اور چک بیلی روڈ کے ذریعے روات جا سکیں گی، جبکہ لاہور سے پشاور جانے والی ہیوی ٹریفک بھی روات سے چک بیلی روڈ اور چکری انٹرچینج استعمال کرتے ہوئے موٹروے کے ذریعے اپنا سفر جاری رکھ سکے گی۔





