امن کے نئے دور کی شروعات! گرین پاسپورٹ کی بڑھتی قدر، امیر مقام کا بڑا مؤقف سامنے آگیا

امن کے نئے دور کی شروعات! گرین پاسپورٹ کی بڑھتی قدر، امیر مقام کا بڑا مؤقف سامنے آگیا

وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان و سیفران امیر مقام نے کہا ہے کہ پاکستان کا عالمی امیج ایک بار پھر مضبوط ہوا ہے اور ملک دنیا میں امن کے پیامبر کے طور پر اُبھر رہا ہے۔

انسٹیٹیوٹ آف مینجمنٹ سائنسز پشاور میں وزیراعظم یوتھ لیپ ٹاپ اسکیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مئی 2025 میں پاک فوج اور پاکستانی قوم نے متحد ہو کر بھارت کی طاقت کو مؤثر جواب دیا، جبکہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت میں پاک فوج نے ایک بڑی فوجی قوت کو واضح پیغام دیا۔

امیر مقام کے مطابق امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی کے دوران پاکستانی قیادت کے مثبت کردار کے باعث ملک کا تشخص عالمی سطح پر مزید نمایاں ہوا ہے، جس سے گرین پاسپورٹ کی قدر میں بھی اضافہ دیکھا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں لیپ ٹاپ اسکیم کے تحت طلبہ کو مکمل میرٹ پر سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں، جبکہ پاکستانی خواتین میں بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے جنہیں صرف مواقع دینے کی ضرورت ہے۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ پاکستان کی ترقی اور سلامتی کے لیے اجتماعی کردار ادا کرنا ہوگا، اور وہ وقت دور نہیں جب پاکستان امریکا اور ایران کے درمیان تنازع کے خاتمے میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔

Scroll to Top