اسلام آباد میں کاروباری اوقات کارمیں تبدیلی، نوٹیفکیشن جاری

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں سرکاری سطح پر کفایت شعاری مہم کے تحت کاروباری اوقات کار میں تبدیلی کر دی گئی ہے جس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔

ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ ان نئے احکامات کا اطلاق 23 اپریل سے ہو چکا ہے جس کے تحت شہر بھر کی تمام دکانیں، بازار اور شاپنگ مالز رات 8 بجے بند کرنا لازمی ہوں گے۔

تاہم عوامی ضرورت کو مدنظر رکھتے ہوئے فارمیسی، اسپتال، پیٹرول پمپس، سی این جی اسٹیشنز اور ڈیری شاپس کو ان پابندیوں سے استثنیٰ حاصل ہو گا۔

ضلعی انتظامیہ نے ریستوراں، تندور، گروسری اسٹورز اور دیگر فوڈ آؤٹ لیٹس کے لیے رات 10 بجے تک کی مہلت دی ہے جبکہ ہوم ڈیلیوری اور ٹیک وے سروسز کو وقت کی کسی بھی پابندی سے آزاد رکھا گیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق شادی ہالز، مارکیز اور دیگر تقریب کے مقامات کو بھی ہر صورت رات 10 بجے تک اپنی سرگرمیاں ختم کرنا ہوں گی۔ اس کے علاوہ کھیلوں کی سہولیات، نجی کلبز اور جمز کے لیے بھی بندش کا وقت رات 10 بجے ہی مقرر کیا گیا ہے۔

انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ یہ نئے کاروباری اوقات اگلے احکامات تک نافذ العمل رہیں گے اور ان کا مقصد توانائی کی بچت اور قومی وسائل کا درست استعمال ہے۔

نوٹیفکیشن میں عوام اور تاجر برادری سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ ملکی مفاد میں شروع کی گئی اس کفایت شعاری مہم کو کامیاب بنانے کے لیے ضلعی انتظامیہ کے احکامات پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنائیں۔

Scroll to Top