اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے شہریوں کی سہولت کے لیے ٹرانسپورٹ کے حوالے سے بڑا فیصلہ کرتے ہوئے شہر میں تمام قسم کی پبلک اور گڈز ٹرانسپورٹ کے داخلے پر پابندی ختم کر دی ہے۔
انتظامیہ کے نئے احکامات کے تحت فیض آباد کے علاوہ شہر کے دیگر تمام بس اڈے بھی فعال کر دیے گئے ہیں، تاہم فیض آباد بس ٹرمینل تاحکم ثانی بند رہے گا۔ اس فیصلے سے مسافروں اور مال بردار گاڑیوں کی نقل و حرکت میں حائل رکاوٹیں دور ہو جائیں گی۔
دوسری جانب وفاقی دارالحکومت میں کفایت شعاری مہم کے تحت کاروباری اوقات کار میں بھی تبدیلی کی گئی ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق تمام دکانیں، مارکیٹس اور شاپنگ مالز رات 8 بجے بند کر دیے جائیں گے، البتہ فارمیسی، اسپتال، پیٹرول پمپس اور ڈیری شاپس اس پابندی سے مستثنیٰ ہوں گی۔
ریسٹورنٹس، تندور، کریانہ اسٹورز، شادی ہالز اور جمز کے لیے رات 10 بجے کا وقت مقرر کیا گیا ہےجبکہ ہوم ڈیلیوری سروسز پر وقت کی کوئی پابندی نہیں ہوگی۔





