وزیراعظم شہباز شریف اور ایرانی صدر کی طویل گفتگو، علاقائی صورتحال زیر بحث، پاکستان کی امن کوششوں کو خراج تحسین

وزیراعظم شہبازشریف اور ایرانی صدر مسعود پزشکیان کے درمیان ایک اہم ٹیلیفونک رابطہ ہوا جس میں دونوں رہنماؤں نے خطے کی صورتحال اور امن کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔

ذرائع کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان تقریباً 50 منٹ تک گفتگو جاری رہی۔ اس دوران وزیراعظم شہباز شریف نے اسلام آباد میں ہونے والے مذاکرات میں ایرانی وفد کی شرکت کو سراہا اور ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کی قیادت میں وفد کے دورۂ پاکستان کا خیرمقدم کیا۔

وزیراعظم نے ایرانی وفد کے ساتھ ہونے والی دو گھنٹے طویل تفصیلی ملاقات کا بھی ذکر کیا اور صدر پزشکیان کو عالمی رہنماؤں کے ساتھ ہونے والے اپنے سفارتی رابطوں سے آگاہ کیا، انہوں نے خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے مکالمے اور سفارتکاری کی اہمیت پر زور دیا۔

گفتگو کے دوران وزیراعظم نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کے حالیہ دورۂ تہران کو مفید قرار دیا اور دونوں ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے تعاون کو سراہا۔

یہ بھی پڑھیں: بڑا سفارتی موڑ! فیلڈ مارشل عاصم منیر اور ایرانی وزیرخارجہ عباس عراقچی کی پہلی اہم ملاقات

ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے پاکستان کی جانب سے امن کے لیے کی جانے والی کوششوں کو سراہتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف، فیلڈ مارشل عاصم منیر اور نائب وزیراعظم  اسحاق ڈار  کی کاوشوں کا شکریہ ادا کیا۔

دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور ایران کے برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا جبکہ وزیراعظم شہباز شریف نے ایرانی سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای کے لیے نیک تمناؤں کا پیغام بھی پہنچایا۔

ٹیلیفونک رابطے کے اختتام پر دونوں رہنماؤں نے باہمی رابطوں اور قریبی مشاورت کو جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

Scroll to Top