وزیراعظم اور فیلڈ مارشل لاجواب ہیں ثالثی کے لیے ان کی مخلصانہ کوششیں جاری ہیں، امریکی صدر

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وزیراعظم اور فیلڈ مارشل لاجواب ہیں اور ثالثی کے لیے ان کی مخلصانہ کوششیں جاری ہیں۔

امریکی صدر ٹرمپ نے پاکستان کی جانب سے ایران اور امریکا کے درمیان تنازع کے حل کے لیے کردار کو سراہتے ہوئے اسے بہترین قرار دیا۔

واشنگٹن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ان کے پاس تمام آپشنز موجود ہیں اور ایران جب چاہے امریکا سے رابطہ کر سکتا ہے، انہوں نے کہا کہ ٹیلیفون کے ذریعے بھی سفارتکاری کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔

صدر ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ ایران میں فیصلہ سازی کا نظام واضح نہیں اور خود ایرانی قیادت بھی نہیں جانتی کہ اصل فیصلہ کون کرتا ہے، ان کے مطابق ایران کی قیادت میں شدید اختلافات پائے جاتے ہیں اور وہ اس وقت الجھن کا شکار ہے۔

ایک سوال کے جواب میں امریکی صدر نے کہا کہ یہ ایک سادہ حقیقت ہے کہ ایران کو جوہری ہتھیار رکھنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔

یہ بھی پڑھیں: وزیرخارجہ عباس عراقچی کا جنگ بندی، جنگ کے خاتمے اور مذاکرات کی میزبانی کے لیے پاکستان کی کوششوں کو خراجِ تحسین، ایرانی وزارتِ خارجہ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مزید کہا کہ امریکی شخصیات اسٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر پاکستان کا دورہ نہیں کر رہے۔

Scroll to Top