واشنگٹن میں وائٹ ہاؤس کے میڈیا نمائندوں کے اعزاز میں منعقدہ عشائیے کے دوران فائرنگ کا واقعہ پیش آیا، جس کے بعد تقریب میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ واقعے کے وقت ڈونلڈ ٹرمپ موجود تھے اور وہ محفوظ رہے جبکہ سکیورٹی اہلکاروں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے حملہ آور کو گرفتار کر لیا۔
صدر ٹرمپ نے واقعے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ مشتبہ شخص نے تقریباً 15 گز کے فاصلے سے حملے کی کوشش کی، تاہم کسی قسم کا سکیورٹی الرٹ موجود نہیں تھا۔ ان کے مطابق یہ واقعہ انفرادی نوعیت کا لگتا ہے اور اس کا ایران سے جاری کشیدگی یا جنگ سے کوئی تعلق نہیں۔
ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر جاری بیان میں کہا کہ یہ حملہ آزادی صحافت اور قومی سلامتی پر حملے کے مترادف ہے، لیکن یہ ان کی پالیسیوں یا عالمی محاذ پر پیش رفت کو نہیں روک سکتا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ان کے خیال میں یہ واقعہ کسی منظم منصوبہ بندی کا نتیجہ نہیں بلکہ حملہ آور کا انفرادی اقدام ہے۔ صدر نے یہ بھی کہا کہ وہ پہلے بھی ایسے حملوں کا سامنا کر چکے ہیں اور ان واقعات سے ان کے عزم میں کوئی کمی نہیں آئے گی۔
امریکی صدر کے مطابق سیکیورٹی اداروں اور سیکرٹ سروس نے انتہائی بروقت اور مؤثر کارروائی کی، جس پر وہ ان کے شکر گزار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اہلکاروں نے بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے صورتحال کو قابو میں کیا۔
حکام کے مطابق تقریب میں 2600 سے زائد افراد شریک تھے، اور فائرنگ کے بعد شرکاء میں بھگدڑ اور خوف کی کیفیت پیدا ہو گئی، کچھ افراد میزوں کے نیچے چھپ گئے۔
سکیورٹی ادارے واقعے کی مزید تحقیقات کر رہے ہیں جبکہ تقریب کے آئندہ مرحلے سے متعلق حتمی فیصلہ قانون نافذ کرنے والے ادارے کریں گے۔





