ٹیکنالوجی کمپنی گوگل نے اپنے سرچ انجن کے ہوم پیج میں بڑی تبدیلی کرتے ہوئے اسے جدید مصنوعی ذہانت کے فیچرز سے آراستہ کر دیا ہے۔
نئے ڈیزائن کے تحت صارفین کو سرچ بار کے نیچے ہی مختلف اے آئی ٹولز تک براہِ راست رسائی حاصل ہوگی۔
ٹیکنالوجی رپورٹس کے مطابق گوگل گزشتہ چند ہفتوں سے ڈیسک ٹاپ ہوم پیج کے نئے ڈیزائن کی آزمائش کر رہا تھا، جسے اب باضابطہ طور پر متعارف کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
گوگل سرچ کے نائب صدر روبی اسٹین نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر نئی تبدیلی کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ نیا ڈیزائن صارفین کے لیے پیش کیا جا رہا ہے۔
نئے ہوم پیج میں تصاویر بنانے، فائلز کا تجزیہ کرنے اور گوگل کے اے آئی اسسٹنٹ جیمینائی کی مدد سے نئے آئیڈیاز پر کام کرنے کے لیے خصوصی آپشنز شامل کیے گئے ہیں۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ گوگل نے اپنا روایتی سرچ بٹن ہٹا دیا ہے، تاہم ‘آئی ایم فیلنگ لکی’ کا آپشن برقرار رکھا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: صرف 30 سیکنڈ کی آواز اور بینک اکاؤنٹ خالی! اے آئی وائس کلوننگ سے فراڈ کا نیا خطرہ
نئے ڈیزائن سے ظاہر ہوتا ہے کہ گوگل روایتی سرچ انجن کو اے آئی پر مبنی پلیٹ فارم میں تبدیل کرنے کی جانب پیش رفت کر رہا ہے، جہاں صارفین معلومات تلاش کرنے کے ساتھ تصاویر تخلیق کرنے، فائلز کا تجزیہ کرنے اور اے آئی سے براہِ راست گفتگو بھی کر سکیں گے۔





