نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے اپنی نئی اور جدید ویب سائٹ متعارف کروا دی ہے جس کا مقصد شہریوں کو شناختی خدمات تک تیز، آسان اور ڈیجیٹل رسائی فراہم کرنا ہے۔
ترجمان نادا کے مطابق نیا پلیٹ فارم ایک مکمل مربوط ڈیجیٹل نظام ہے جس کے ذریعے شہری سی این آئی سی، این آئی سی او پی، پی او سی، ایف آر سی، سی آر سی سمیت مختلف شناختی دستاویزات اور سرٹیفکیٹس کی خدمات حاصل کر سکیں گے۔
نادرا ترجمان کا کہنا ہے کہ ادارہ مرحلہ وار کاغذی اور دستی نظام سے نکل کر بائیومیٹرک اور جدید ڈیجیٹل شناختی فریم ورک کی طرف منتقل ہو رہا ہے جو عالمی سطح پر جدید ترین شناختی نظاموں میں شمار کیا جاتا ہے۔
نئی ویب سائٹ میں آن لائن ویریفیکیشن، نقشہ جات اور دیگر جدید فیچرز بھی شامل کیے گئے ہیں، جن کے ذریعے شہری اپنے شناختی دستاویزات کی تصدیق بغیر دفتر گئے کر سکیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: نادرا نے شہریوں کیلئے ایک اور بڑی سہولت متعارف کرادی
ویب سائٹ پر درخواست کے طریقہ کار، دستاویزات کی ضروریات اور پراسیسنگ ٹائم لائنز سے متعلق مکمل معلومات بھی دستیاب ہیں جبکہ صارفین کی رہنمائی کے لیے سپورٹ اور رابطہ معلومات بھی فراہم کی گئی ہیں۔
بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے بھی یہ نیا پورٹل خصوصی سہولت فراہم کرتا ہے جس کے ذریعے این آئی سی او پی اور پی او سی خدمات تک رسائی مزید آسان ہو گئی ہے اور قونصل خانوں کے بار بار چکر لگانے کی ضرورت کم ہو جائے گی۔





