اورکزئی: کلاؤڈ برسٹ اور طوفانی بارشوں نے تباہی مچا دی

منظور خان

ضلع اورکزئی کے علاقے مشتی میلہ میں کلاؤڈ برسٹ (بادل پھٹنے) اور طوفانی بارش نے شدید تباہی مچا دی ہے۔

بادل پھٹنے کے نتیجے میں مشتی بازار میں اچانک آنے والی شدید طغیانی نے پورے علاقے کو لپیٹ میں لے لیا، جس سے کروڑوں روپے کے نقصانات کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر (اے اے سی) سمیر کے مطابق، سیلابی ریلے کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ اس میں درجنوں دکانیں، کاروباری مارکیٹیں اور متعدد مکانات بہہ گئے۔ بازار میں کھڑی کئی گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں بھی تند و تیز لہروں کی نذر ہو گئیں۔

انتظامیہ کا کہنا ہے کہ طغیانی کے باعث مشتی میلہ کا تجارتی مرکز بری طرح متاثر ہوا ہے۔

اے اے سی سمیر نے متاثرہ علاقوں کا ہنگامی دورہ کیا اور امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ انتظامیہ نقصانات کا تفصیلی تخمینہ لگا رہی ہے، تاہم خوش قسمتی سے اب تک کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔ علاقے میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے اور شہریوں کو ندی نالوں سے دور رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

Scroll to Top