پشاور زلمی کے کپتان اور مایہ ناز بلے باز بابر اعظم نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) الیون کے کوالیفائر میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے ریکارڈز کے انبار لگا دیے۔
بابر اعظم نے 103 رنز کی دھواں دار اننگز کھیل کر نہ صرف اپنی ٹیم کو سہارا دیا بلکہ پی ایس ایل کی تاریخ کے دو بڑے ریکارڈز بھی برابر کر دیے۔
بابر اعظم کی اس اننگز میں 4 بلند و بالا چھکے اور 12 دلکش چوکے شامل تھے۔ یہ رواں سیزن میں ان کی دوسری اور مجموعی طور پر پی ایس ایل کی چوتھی سنچری ہے، جس کے ساتھ ہی وہ لیگ میں سب سے زیادہ سنچریاں بنانے والے کھلاڑیوں کی فہرست میں عثمان خان کے ہم پلہ آ گئے ہیں۔ اس سے قبل حیدرآباد کنگزمین کے عثمان خان بھی پی ایس ایل میں 4 سنچریاں بنانے کا اعزاز حاصل کر چکے ہیں۔
ریکارڈز کا سلسلہ یہیں ختم نہیں ہوتا، بابر اعظم نے پی ایس ایل کے ایک ہی ایڈیشن میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا فخر زمان کا ریکارڈ بھی برابر کر دیا ہے۔ بابر اعظم اب تک موجودہ ٹورنامنٹ میں 588 رنز بنا چکے ہیںجو کہ فخر زمان کے 2022 میں بنائے گئے 588 رنز کے برابر ہیں۔
اس کے علاوہ بابر اعظم پی ایس ایل کی تاریخ کے واحد بلے باز بن گئے ہیں جنہوں نے چار مختلف سیزنز میں 500 یا اس سے زائد رنز اسکور کیے ہیں۔





