عوام کیلئے بڑی خوشخبری،نارمل پاسپورٹ اب 21 دن کے بجائے 14 دن میں جاری ہوگا، کیش لیس نظام اور ایجنٹ مافیا کے خاتمے کا اعلان
ملک بھر کے شہریوں کے لیے پاسپورٹ کے اجرا کے نظام میں اہم اصلاحات کرتے ہوئے نارمل پاسپورٹ کی مدت 21 دن سے کم کر کے 14 دن کر دی گئی ہے۔ اس حوالے سے وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر مملکت طلال چوہدری کی زیر صدارت اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں وفاقی سیکرٹری داخلہ، ڈی جی پاسپورٹ و امیگریشن اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔
اجلاس میں شہریوں کو سہولت کی فراہمی اور نظام کو مزید شفاف بنانے پر زور دیا گیا۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے اعلان کیا کہ اب نارمل پاسپورٹ 21 دن کے بجائے صرف 14 دن میں جاری کیا جائے گا، جس سے عوام کو تیزی سے خدمات کی فراہمی ممکن ہوگی۔
انہوں نے بتایا کہ پاسپورٹ دفاتر میں مکمل کیش لیس سسٹم متعارف کرایا جا رہا ہے، جسے آئندہ 15 روز میں ملک بھر میں نافذ کیا جائے گا۔ اس اقدام کا مقصد کرپشن اور ایجنٹ مافیا کے کردار کا خاتمہ ہے تاکہ شہری براہ راست اور شفاف طریقے سے خدمات حاصل کر سکیں۔
مزید برآں اجلاس میں پاسپورٹ کی گھروں تک ترسیل کے نظام کو مزید مؤثر بنانے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ وزیر داخلہ نے اس نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ شہریوں کو گھر کی دہلیز پر سہولت پہنچانا حکومت کی ترجیح ہے۔
محسن نقوی نے بزنس پاسپورٹ کے اجرا کے نظام کو بھی جلد حتمی شکل دینے کی ہدایت جاری کی تاکہ کاروباری طبقے کو بھی بروقت سہولت فراہم کی جا سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاسپورٹ نظام کی بہتری اور عوامی سہولت کے لیے پاسپورٹ اتھارٹی کا قیام ناگزیر ہے، جس پر جلد پیش رفت کی جائے گی۔ حکومت کا ہدف ایک ایسا نظام قائم کرنا ہے جو تیز، شفاف اور عوام دوست ہو۔





