وزیر اعظم نے ون-کانسٹیٹیوشن ایونیو کے معاملے پر اعلی سطح کمیٹی تشکیل دے دی

اپنا گھر ،خواب حقیقت بننے لگا! وزیراعظم کا اپنا گھر اسکیم کاآغاز ،ملک بھر میں اطلاق کا اعلان ، چیکس کی تقسیم

اسلام آباد میں وزیراعظم شہباز شریف نے “اپنا گھر اسکیم” کا باضابطہ اجرا کرتے ہوئے مستحق افراد میں قرض کی منظوری کے چیکس تقسیم کر دیے۔ اس اسکیم کے تحت اہل افراد کو ایک کروڑ روپے تک کا قرض آسان شرائط پر فراہم کیا جا رہا ہے، جبکہ اس کا اطلاق ملک بھر کے چاروں صوبوں، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں کیا جائے گا

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ عوام کو چھت فراہم کرنا ایک مقدس ذمہ داری ہے اور حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے قرض حاصل کرنے والے کامیاب امیدواروں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ “گھر ہو تو اپنا” جیسے خواب کو حقیقت میں بدلنے کی یہ ایک اہم پیش رفت ہے۔

وزیراعظم نے بتایا کہ اس اسکیم کے تحت قرض 20 سال کی مدت کے لیے فراہم کیا جائے گا، جبکہ ابتدائی طور پر 50 ہزار گھروں کی تعمیر کے لیے فنانسنگ کا ہدف رکھا گیا ہے۔ اس منصوبے کے لیے مجموعی طور پر 321 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں، اور آئندہ چار برسوں میں 5 لاکھ گھروں کی تعمیر کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس اسکیم کا مجموعی حجم 3.2 کھرب روپے ہے، جس کے تحت 10 مرلہ تک زمین پر گھر تعمیر کیا جا سکے گا۔ وزیراعظم نے یقین دہانی کرائی کہ اس منصوبے کی پیش رفت کا وہ خود ماہانہ بنیادوں پر جائزہ لیں گے تاکہ شفاف اور مؤثر عملدرآمد یقینی بنایا جا سکے

تقریب میں ایک ڈرائیور غلام حسین سمیت مختلف افراد کو بھی گھر کی تعمیر کے لیے قرض کے چیکس دیے گئے۔ وزیراعظم نے کہا کہ یہ اسکیم ان لاکھوں افراد کے لیے امید کی کرن ہے جو اب تک اپنے گھر کے خواب سے محروم تھے۔

شہباز شریف نے مزید کہا کہ تعمیراتی شعبہ ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے اور اس اسکیم سے نہ صرف عوام کو فائدہ ہوگا بلکہ معیشت بھی مضبوط ہوگی۔ انہوں نے بتایا کہ اسکیم میں شامل بینکوں کو 14 اگست کو اعزازات سے نوازا جائے گا۔

وزیراعظم نے یہ بھی کہا کہ حکومت برآمدات کے فروغ کے لیے اقدامات کر رہی ہے، اور نمایاں برآمد کنندگان کو اعزازی سفیر کا درجہ دیا گیا ہے جبکہ انہیں دو سال کے لیے بلیو پاسپورٹ بھی فراہم کیا گیا ہے۔

Scroll to Top