پنجاب حکومت نے اساتذہ کے لیے ایک نئی سہولت متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت انہیں بلاسود اقساط پر الیکٹرک بائیکس فراہم کی جائیں گی۔ اس اسکیم میں ماہانہ قسط 3,600 سے 4,200 روپے کے درمیان رکھی گئی ہے۔
حکام کے مطابق ای بائیک اسکیم کا مقصد اساتذہ کو بہتر سفری سہولیات فراہم کرنا اور ان کے روزمرہ اخراجات میں کمی لانا ہے، تاکہ انہیں سستی، مؤثر اور ماحول دوست ٹرانسپورٹ میسر آ سکے۔
اس منصوبے کے تحت ایک الیکٹرک بائیک کی قیمت تقریباً 2 لاکھ سے ڈھائی لاکھ روپے کے درمیان ہوگی۔ حکومت اس قیمت کا 30 سے 40 فیصد حصہ سبسڈی کی صورت میں ادا کرے گی، جبکہ باقی رقم اساتذہ کو 2 سے 3 سال کی آسان اقساط میں جمع کروانا ہوگی۔
رپورٹس کے مطابق مقررہ ماہانہ قسط اساتذہ کے لیے خاصی سہولت کا باعث بنے گی اور ان پر مالی بوجھ کم کرے گی۔
یہ بھی پڑھیں : حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اعلان کردیا
درخواست دینے کے طریقہ کار کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ سی ایم پنجاب ای بائیک ٹیچر اسکیم کے لیے جلد آن لائن درخواستیں طلب کی جائیں گی۔ اساتذہ پنجاب ٹیچرز فاؤنڈیشن کی ویب سائٹ کے ذریعے اپلائی کر سکیں گے۔
درخواست کے لیے امیدواروں کو شناختی کارڈ، سروس سرٹیفکیٹ، درست ڈرائیونگ لائسنس اور پاسپورٹ سائز تصویر جمع کروانا ہوگی۔
درخواست مکمل کرنے کے بعد ویریفیکیشن سلپ ڈاؤن لوڈ کی جا سکے گی، جبکہ اہلیت سے متعلق آگاہی ایس ایم ایس یا ای میل کے ذریعے فراہم کی جائے گی۔





