پاک فوج کی ناقابلِ تسخیر تیاریوں کا عملی مظاہرہ، دشمن کو واضح پیغام

پاک فوج نے ملکی سرحدوں کے دفاع اور آپریشنل تیاریوں کے تسلسل کو برقرار رکھتے ہوئے اپنی جنگی استعداد اور پیشہ ورانہ مہارت کا عملی مظاہرہ کیا ہے۔

پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے یکم مئی 2025 کو ٹلہ فائرنگ رینج کا دورہ کیا، جاری تربیتی مشقوں اور آپریشنل تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔

مشقوں کے دوران جدید ہتھیاروں کے استعمال، مربوط کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم اور میدانِ جنگ میں فوری ردعمل کی صلاحیتوں کا عملی مظاہرہ کیا گیا، افسران اور جوانوں نے مختلف جنگی صورتحال میں مؤثر حکمتِ عملی اور پیشہ ورانہ مہارت کا اظہار کیا۔

عسکری قیادت نے اس موقع پر اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کی علاقائی سالمیت اور خودمختاری کے تحفظ پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور مسلح افواج ہر لمحہ ہمہ وقت تیار اور چوکس ہیں۔

پاک فوج کی جانب سے جاری تیاریوں اور مشقوں کو خطے میں دفاعی حکمتِ عملی اور توازن برقرار رکھنے کے تناظر میں بھی اہم قرار دیا جاتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: معرکہ حق کو ایک سال مکمل، خیبر پختونخوا کے شہریوں کا پاک فوج سے مکمل یکجہتی کا اظہار

دفاعی ماہرین کے مطابق پاکستان کی مسلح افواج مسلسل تربیت، جدید ٹیکنالوجی کے استعمال اور پیشہ ورانہ مہارت کے ذریعے اپنی آپریشنل صلاحیتوں کو بہتر بنا رہی ہیں، جو کسی بھی ممکنہ چیلنج سے نمٹنے کے لیے اہم ہے۔

مجموعی طور پر یہ مشقیں اس پیغام کی عکاس ہیں کہ پاک فوج ملکی دفاع اور سلامتی کے لیے مکمل طور پر تیار اور پرعزم ہے۔

Scroll to Top