معرکۂ حق میں پاکستان کی عسکری حکمت عملی کا عالمی اعتراف، دشمن کو منہ توڑ جواب دینے کا عزم دہرایا گیا۔
پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول میں پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے ظہیر احمد بابر سدھو نے کہا ہے کہ معرکۂ حق اور آپریشن بنیان المرصوص کے دوران پاکستان آرمی کی حکمت عملی کو پوری دنیا نے قریب سے دیکھا اور تسلیم کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ایئر فورس نے نہ صرف دشمن کے جنگی طیارے مار گرائے بلکہ اپنی پیشہ ورانہ مہارت اور دلیری سے ایک نئی تاریخ رقم کی۔ ان کے مطابق مئی کے واقعات میں دشمن پاکستان کی عسکری صلاحیت اور حکمت عملی کے سامنے حیرت میں مبتلا رہا۔
ایئر چیف مارشل نے واضح کیا کہ پاکستان کی سرزمین پر کسی بھی قسم کی جارحیت کا فوری اور منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ عالمی سطح پر امن کے فروغ کے لیے پاکستان کی سیاسی اور عسکری قیادت کی کاوشیں قابلِ ستائش ہیں۔
انہوں نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی عالمی امن کے لیے کوششوں کو خصوصی طور پر سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایک پرامن ملک ہے جو تمام تنازعات کے حل کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری پر یقین رکھتا ہے۔
ایئر چیف کے مطابق پاکستان کی مسلح افواج نے ایک بار پھر ثابت کیا ہے کہ وہ ہر قسم کی صورتحال میں ملک کے دفاع کے لیے مکمل طور پر تیار اور پرعزم ہیں۔





