عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر ایمل ولی خان نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافے کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت نے رات کی تاریکی میں عوام پر پٹرول بم گرا دیا ہے۔
ایمل ولی خان نے کہا ہے کہ عالمی یومِ مزدور کے موقع پر قیمتوں میں اضافہ غریب عوام کے لیے حکومت کا تحفہ ہے جو اس کی ترجیحات کو واضح کرتا ہے۔
ایمل ولی خان کا کہنا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا فیصلہ عوام کی مشکلات سے مکمل لاتعلقی کا اظہار ہے اور پہلے سے مہنگائی کے بوجھ تلے دبے شہریوں کی زندگی مزید دشوار بنا رہا ہے۔
ایمل ولی خان نے مؤقف اختیار کیا کہ حکومت عالمی منڈی یا خطے کی صورتحال کو جواز بنا کر عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش بند کرے، کیونکہ پاکستان میں پٹرولیم مصنوعات کی بلند قیمتوں کی اصل وجہ بھاری ٹیکسز اور لیویز ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر سنجیدہ فیصلے کیے جائیں تو عوام کو فوری ریلیف دیا جا سکتا ہے، مگر بوجھ مسلسل عام شہریوں پر ڈالا جا رہا ہے۔
ایمل ولی خان نے کہا کہ پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ صرف ایندھن تک محدود نہیں رہتا بلکہ اس کے اثرات اشیائے خوردونوش، ٹرانسپورٹ اور مجموعی معیشت پر بھی پڑتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: مہنگائی کا نیا جھٹکا ، حکومت نے ڈیزل پر پہلی بار بھاری لیوی عائد کردی
صدر عوامی نیشنل پارٹی نے کہا اس وقت مزدور، کسان اور متوسط طبقہ صرف زندہ رہنے کی جنگ لڑ رہا ہے جبکہ حکومتی پالیسیاں ان کی مشکلات میں اضافہ کر رہی ہیں۔
ایمل ولی خان نے مزید کہا کہ ایسے اقدامات ریاست اور عوام کے درمیان فاصلے بڑھا رہے ہیں جو ایک خطرناک رجحان ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ پٹرولیم مصنوعات پر عائد غیر ضروری ٹیکسز فوری طور پر ختم کیے جائیں، قیمتوں میں نمایاں کمی کی جائے اور عوام کو حقیقی ریلیف فراہم کیا جائے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ اگر عوام دشمن پالیسیوں کا سلسلہ نہ روکا گیا تو عوامی ردعمل ناگزیر ہوگا، عوامی نیشنل پارٹی ہر سطح پر اس معاشی صورتحال اور عوامی مشکلات کے خلاف اپنی آواز بلند کرتی رہے گی۔





