مہنگائی کا نیا جھٹکا ، حکومت نے ڈیزل پر پہلی بار بھاری لیوی عائد کردی

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں اور لیوی میں تبدیلی سے متعلق حکومتی اعلامیہ جاری کر دیا گیا ہے جس کے مطابق پیٹرول اور ڈیزل دونوں کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق حکومت نے ہائی اسپیڈ ڈیزل پر فی لیٹر 28 روپے 69 پیسے پیٹرولیم لیوی عائد کر دی ہے جبکہ اس سے قبل ڈیزل پر لیوی کی شرح صفر تھی۔

دوسری جانب پیٹرول پر لیوی میں معمولی کمی کی گئی ہے اور اسے 107 روپے 38 پیسے سے کم کر کے 103 روپے 50 پیسے فی لیٹر مقرر کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اعلان کر دیا

قیمتوں میں ردوبدل کے تحت ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 19 روپے 39 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد نئی قیمت 399 روپے 58 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے۔

اسی طرح پیٹرول کی قیمت میں 6 روپے 51 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد یہ 399 روپے 86 پیسے فی لیٹر تک پہنچ گئی ہے۔

مٹی کے تیل کی قیمت میں کمی کی گئی ہے اور اسے 365 روپے 21 پیسے سے کم کر کے 360 روپے 76 پیسے فی لیٹر کر دیا گیا ہے۔

Scroll to Top