پی ٹی آئی اراکین سیکرٹری معدنیات کے خلاف میدان میں آ گئے، ہٹانے کا مطالبہ کر دیا

پی ٹی آئی اراکین سیکرٹری معدنیات کے خلاف میدان میں آ گئے، ہٹانے کا مطالبہ کر دیا

خیبرپختونخوا میں بیوروکریسی اور منتخب نمائندوں کے درمیان کشیدگی شدت اختیار کر گئی ہے، جہاں پی ٹی آئی اراکین اسمبلی نے سیکرٹری معدنیات کے خلاف سخت ردعمل دیتے ہوئے انہیں عہدے سے ہٹانے کا مطالبہ کر دیا ہے۔

پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں اراکین نے سیکرٹری معدنیات پر توہین آمیز رویے اور مسلسل تاخیری حربے استعمال کرنے کے سنگین الزامات عائد کیے۔ اراکین کا کہنا تھا کہ سرکاری امور میں غیر ضروری تاخیر اور غیر مناسب رویے سے عوامی مسائل متاثر ہو رہے ہیں۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں تمام اراکین اسمبلی سیکرٹری کے خلاف متحد نظر آئے اور انہیں فوری طور پر عہدے سے ہٹا کر او ایس ڈی کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔

اجلاس میں بعض اراکین نے شکایت کی کہ کئی ماہ سے دفتری امور میں مسلسل تاخیر کی جا رہی ہے اور ان کے کام التوا کا شکار ہیں۔

اس موقع پر صوبائی وزیر آبپاشی ریاض خان نے کہا کہ اب سیکرٹری کا تبادلہ نہیں بلکہ انہیں عہدے سے ہٹا کر او ایس ڈی کیا جائے گا۔

وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی نے اراکین کے مطالبے پر فوری کارروائی کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ معاملے کو سنجیدگی سے دیکھا جائے گا اور مناسب فیصلہ کیا جائے گا۔

اجلاس میں موجود تمام اراکین نے وزیر اعلیٰ سے سخت کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے بیوروکریسی کے رویے پر شدید تحفظات کا اظہار کیا۔

Scroll to Top