جماعت اسلامی کے مرکزی رہنما لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف خیبرپختونخوا میں حکومت اور وفاق میں اپوزیشن دونوں کردار مؤثر انداز میں ادا کرنے میں ناکام رہی ہے۔
نوشہرہ میں جماعت اسلامی کے زیر اہتمام ڈونرز کانفرنس سے خطاب اور بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے لیاقت بلوچ نے کہا کہ پی ٹی آئی نہ تو حکومت چلانے میں کامیاب رہی اور نہ ہی اپوزیشن کا کردار مؤثر انداز میں ادا کر سکی۔
انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں گزشتہ 14 سال سے پی ٹی آئی کی حکومت کے باوجود تعلیم، صحت اور روزگار جیسے بنیادی مسائل حل نہیں ہو سکے، جبکہ صوبے میں کرپشن اور بدانتظامی میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
لیاقت بلوچ کے مطابق صوبے میں تعلیم، صحت اور روزگار کے مسائل بدستور موجود ہیں، اس لیے حکومت کو فوری طور پر عوامی مسائل کے حل پر توجہ دینی چاہیے تاکہ عوام کا اعتماد بحال ہو سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جب عوامی اعتماد بحال ہوگا تو عمران خان کی رہائی سے متعلق تحریک بھی مؤثر ہو سکتی ہے۔
تیل کی قیمتوں میں ممکنہ اضافے پر بات کرتے ہوئے لیاقت بلوچ نے کہا کہ اس وقت ایسی صورتحال نہیں کہ مزید بوجھ عوام پر ڈالا جائے، مگر بدقسمتی سے حکمران اپنے اخراجات کم کرنے کے بجائے عوام پر مہنگائی کا دباؤ بڑھا رہے ہیں۔





