یقین ہے فیلڈ مارشل کی کاوشیں خطے میں پائیدار امن کا باعث بنیں گی،وزیراعظم

یقین ہے فیلڈ مارشل کی کاوشیں خطے میں پائیدار امن کا باعث بنیں گی،وزیراعظم

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ اسلام امن کا دین ہے اور پیغمبر اسلام حضرت محمد ؐکی سیرتِ طیبہ ہمارے لیے مشعلِ راہ ہے۔ وہ پاکستان علما کونسل کے زیر اہتمام چھٹی بین الاقوامی پیغامِ اسلام کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔

وزیراعظم نے اپنے خطاب میں کہا کہ یہ فقید المثال اجتماع اتحادِ امت کی روشن تصویر پیش کر رہا ہے اور یہ اجتماع مسائل کے حل کے لیے یکسوئی، یگانگت اور مضبوط عزم کا اظہار ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ باہمی اتحاد، افہام و تفہیم اور مثبت کردار کے ذریعے ہی چیلنجز پر قابو پایا جا سکتا ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کی دعوت پر امریکا اور ایران کے وفود کا اسلام آباد آنا ایک اہم پیش رفت ہے۔ ان کے مطابق فریقین کی آمد کے نتیجے میں جنگ بندی ممکن ہوئی اور مذاکرات کا آغاز ہوا، اور امید ہے کہ یہ عمل جلد دیرپا امن میں تبدیل ہوگا۔

وزیراعظم نے کہا کہ امن کے قیام سے خطے میں خوشحالی آئے گی، روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے اور معاشی استحکام مضبوط ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ پائیدار امن سے خطے میں محبت، اخوت اور تعاون کو فروغ ملے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان نے خطے میں امن کے لیے ہمیشہ متوازن اور اصولی مؤقف اپنایا ہے اور آئندہ بھی اپنا مثبت کردار جاری رکھے گا۔ وزیراعظم نے اس امید کا اظہار بھی کیا کہ فیلڈ مارشل کی کاوشیں خطے میں پائیدار امن کے قیام میں اہم کردار ادا کریں گی۔

وزیراعظم نے امریکا اور ایران کے وفود کا پاکستان آنے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے خطے اور دنیا میں ایک نئی تاریخ رقم کی ہے، اور امید ہے کہ مذاکرات کا عمل جلد خطے میں امن و استحکام کا باعث بنے گا۔

Scroll to Top