خیبر پختونخوا میں محکمہ تعلیم کے دفاتر اور سرکاری سکولوں کی بجلی منقطع کرنے کا حکم جاری کر دیا گیا ہے۔ پیسکو حکام کے مطابق فنانس ڈیپارٹمنٹ اور اعلیٰ حکام کو بارہا نوٹس دینے کے باوجود دو ارب روپے کے بقایا جات ادا نہیں کیے گئے، جس کے بعد یہ اقدام مجبوری کے طور پر اٹھایا جا رہا ہے۔
پیسکو کے ایک اعلیٰ افسر کی جانب سے جاری واٹس ایپ پیغام میں کہا گیا ہے کہ تمام آپریشنل یونٹس کو فوری طور پر محکمہ تعلیم کے دفاتر اور سکولوں کی بجلی منقطع کرنے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔ اس کے ساتھ یہ بھی کہا گیا ہے کہ کسی قسم کا تعاون نہ کیا جائے اور عملدرآمد سختی سے یقینی بنایا جائے۔
پیغام کے مطابق محکمہ تعلیم کے سکولز اور دفاتر تقریباً دو ارب روپے کے بجلی کے واجبات کے مقروض ہیں۔ بارہا یاد دہانی کے باوجود ادائیگی نہ ہونے پر صورتحال سنگین ہو گئی ہے۔
حکام نے مزید ہدایت کی ہے کہ میٹرز اتارے جائیں اور بجلی کی تاریں بھی منقطع کر دی جائیں، اور واضح کیا گیا ہے کہ جب تک واجبات ادا نہیں کیے جاتے، بجلی کی بحالی ممکن نہیں ہوگی۔
اس فیصلے سے تعلیمی اداروں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے، جبکہ صورتحال پر مختلف حلقوں کی جانب سے ردعمل کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔





