اسلام آباد : معرکۂ حق میں کامیابی کی خوشی میں پورے ملک میں جشن کا سماں ہے، جہاں شہر شہر تقریبات، ریلیاں اور اجتماعات کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔
بچے، بوڑھے، نوجوان اور خواتین بڑی تعداد میں ان سرگرمیوں میں شریک ہیں، جبکہ ہر طرف قومی پرچم لہراتے اور بازاروں میں معرکۂ حق کے بینرز آویزاں نظر آ رہے ہیں۔
ملک کے مختلف شہروں میں عوام نے سڑکوں، بازاروں اور چوراہوں کو قومی پرچموں اور بینرز سے سجا دیا ہے۔ شہریوں کی جانب سے گھروں، گاڑیوں اور دکانوں پر بھی سبز ہلالی پرچم لہرا کر وطن سے محبت اور افواجِ پاکستان سے یکجہتی کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
پشاور میں قلعہ بالا حصار کے سامنے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے خصوصی تقاریب منعقد ہوئیں، جہاں شمعیں روشن کی گئیں اور ملک کی سلامتی کے لیے دعائیں کی گئیں۔ شرکاء نے معرکۂ حق کی کامیابی کو قومی اتحاد اور قربانیوں کا نتیجہ قرار دیا۔
پیر محل میں افواجِ پاکستان کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کے لیے بڑی ریلی نکالی گئی، جس میں شہریوں نے جوش و خروش سے شرکت کی اور پاک فوج کے حق میں فلک شگاف نعرے لگائے۔ ریلی کے شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ قوم اپنی افواج کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی رہے گی۔
یہ بھی پڑھیں : معرکۂ حق کی پہلی سالگرہ: پاکستان امن کا خواہاں، مگر دفاع پر کوئی سمجھوتہ نہیں، پاک افواج
ساہیوال میں منعقدہ پروقار تقریب میں معرکۂ حق کی کامیابی پر پاک فوج کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔ مقررین نے کہا کہ یہ کامیابی قومی جذبے، اتحاد اور قربانیوں کی روشن مثال ہے۔
چنیوٹ میں بھی معرکۂ حق کی مناسبت سے ریلی نکالی گئی، جس میں ہر عمر کے افراد نے شرکت کی۔ شرکاء نے قومی پرچم اٹھا کر حب الوطنی کا اظہار کیا اور ملک کے دفاع کے لیے مکمل یکجہتی کا عزم دہرایا۔
ملک بھر میں جاری تقریبات کے دوران عوامی جذبات اپنے عروج پر ہیں، جبکہ شہریوں کا کہنا ہے کہ معرکۂ حق میں کامیابی نے قوم کے اعتماد، حوصلے اور حب الوطنی کے جذبے کو مزید مضبوط کر دیا ہے۔





