اسلام آباد: فوڈ اینڈ ایگریکلچر آرگنائزیشن (FAO) میں ملازمت کے خواہشمند افراد کے لیے بڑی خوشخبری سامنے آئی ہے، جہاں بین الاقوامی سطح پر کیریئر کے مواقع کے ساتھ پرکشش تنخواہوں اور مراعاتی پیکیج کی تفصیلات جاری کی گئی ہیں۔
بیورو آف ایمیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ کے مطابق FAO میں ملازمین کو بنیادی طور پر دو کیٹیگریز میں بھرتی کیا جاتا ہے۔ پہلی “پروفیشنل کیٹیگری” ہے جس میں عالمی سطح پر بھرتیاں کی جاتی ہیں، جبکہ دوسری “جنرل سروس کیٹیگری” ہے جس میں مقامی سطح پر متعلقہ ملک سے ہی اسٹاف بھرتی کیا جاتا ہے۔
اس کے علاوہ ادارہ مخصوص منصوبوں، قلیل مدتی ضروریات کے لیے کنسلٹنٹس، انٹرنز اور رضاکاروں کو بھی موقع فراہم کرتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : پاکستان امن چاہتا ہے مگر انصاف اور اصولوں پر کوئی سمجھوتہ نہیں، صدر مملکت
تفصیلات کے مطابق FAO میں تنخواہوں اور مراعات کا نظام اقوامِ متحدہ کے مشترکہ نظام کے تحت ہوتا ہے، جس میں بنیادی تنخواہ کے ساتھ “پوسٹ ایڈجسٹمنٹ الاؤنس” بھی شامل ہوتا ہے، جو متعلقہ ملک کے اخراجاتِ زندگی اور کرنسی کی قدر کے مطابق دیا جاتا ہے تاکہ مختلف ممالک میں کام کرنے والے ملازمین کی قوتِ خرید میں توازن برقرار رہے۔
رپورٹ کے مطابق زیادہ تر تنخواہیں اور الاؤنسز مقامی ٹیکس سے مستثنیٰ ہوتے ہیں، جبکہ مشکل یا دور دراز علاقوں میں تعیناتی کی صورت میں اضافی الاؤنس بھی دیا جاتا ہے۔ بین الاقوامی ملازمین کے لیے سفری اخراجات، اہلِ خانہ کی منتقلی اور سامان کی ترسیل کے اخراجات بھی ادارہ برداشت کرتا ہے۔
ابتدائی مرحلے میں ملازمین کو ایک خصوصی گرانٹ بھی دی جاتی ہے جبکہ رہائش مہنگی ہونے کی صورت میں ہاؤسنگ سبسڈی بھی فراہم کی جاتی ہے۔ ملازمت کے اختتام پر بعض صورتوں میں ریپیٹری ایشن گرانٹ یعنی واپسی کے اخراجات بھی دیے جاتے ہیں۔
خاندانی سہولیات کے تحت بچوں کی تعلیم کے اخراجات میں معاونت بھی شامل ہے جو عام طور پر یونیورسٹی سطح کے ابتدائی چار سال تک دی جاتی ہے، جبکہ بعض حالات میں تعلیمی سفر کے اخراجات بھی شامل ہوتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : پاک بحریہ کی کمانڈ اینڈ اسٹاف کانفرنس: بحری سیکیورٹی چیلنجز اور تیاریوں کا تفصیلی جائزہ
چھٹیوں کے نظام کے مطابق ملازمین کو سالانہ تقریباً 30 دن کی رخصت اور 10 سرکاری تعطیلات حاصل ہوتی ہیں۔ بین الاقوامی عملے کو اپنے وطن جانے کے لیے اضافی سفری سہولت بھی دی جاتی ہے۔ زچگی، پدری اور گود لینے کی صورت میں مکمل تنخواہ کے ساتھ 2 سے 16 ہفتوں تک کی چھٹیاں بھی فراہم کی جاتی ہیں۔
سوشل سکیورٹی کے تحت ملازمین کو ہیلتھ انشورنس، بیماری یا حادثے کی صورت میں سفری انشورنس اور دیگر بنیادی تحفظات فراہم کیے جاتے ہیں۔
چھ ماہ یا اس سے زائد مدت تک خدمات انجام دینے والے ملازمین اقوامِ متحدہ پنشن فنڈ کا حصہ بن جاتے ہیں، جس سے ریٹائرمنٹ کے بعد مالی تحفظ یقینی بنایا جاتا ہے۔
مجموعی طور پر FAO کا یہ نظام نہ صرف پرکشش تنخواہوں پر مشتمل ہے بلکہ عالمی سطح پر کام کرنے، خاندانی سہولتوں اور طویل مدتی مالی تحفظ کے جامع ڈھانچے پر مبنی ہے۔





