بین الاقوامی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں بڑی کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جس کے بعد عالمی معیشت اور مقامی سطح پر قیمتوں پر ممکنہ اثرات کی توقع ظاہر کی جا رہی ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق برینٹ خام تیل کی قیمت میں 10.67 فیصد کمی ہوئی ہے، جس کے بعد یہ 98.57 ڈالر فی بیرل پر آ گئی ہے۔
اسی طرح امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (WTI) کی قیمت بھی 11.41 فیصد کمی کے بعد 90.57 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی ہے۔
دوسری جانب قدرتی گیس کی قیمت میں بھی کمی دیکھنے میں آئی ہے، جو 2.76 فیصد کمی کے بعد 2.73 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو تک آ گئی ہے۔
ماہرین کے مطابق عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں اس کمی کی ممکنہ وجوہات میں طلب میں کمی، سپلائی میں اضافہ اور عالمی معاشی غیر یقینی صورتحال شامل ہیں۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اگر یہ رجحان برقرار رہا تو اس کے اثرات نہ صرف عالمی معیشت بلکہ مقامی سطح پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر بھی مرتب ہو سکتے ہیں، جس سے عوام کو ریلیف ملنے کی امید ہے۔
واضح رہے کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کا براہ راست اثر پاکستان سمیت درآمدی ممالک کی معیشت پر پڑتا ہے۔





