پشاور میں معرکۂ حق کی کامیابی کے ایک سال مکمل ہونے پر گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے خصوصی پیغام جاری کیا ہے، جس میں انہوں نے افواجِ پاکستان کی قربانیوں اور کردار کو سراہا ہے۔
گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ معرکۂ حق نے ثابت کیا ہے کہ پاکستان اپنی خودمختاری کے دفاع کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے، جبکہ افواجِ پاکستان نے دشمن کی ہر جارحیت کا مؤثر اور فیصلہ کن جواب دیا۔
انہوں نے کہا کہ اس معرکے میں دشمن کے ناپاک عزائم مکمل طور پر ناکام بنائے گئے اور پوری قوم افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی رہی۔
فیصل کریم کنڈی کے مطابق معرکۂ حق نے قومی اتحاد، اعتماد اور حب الوطنی کو مزید مضبوط کیا ہے، جبکہ پاکستان خطے میں امن، استحکام اور باہمی احترام پر یقین رکھتا ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ کسی بھی جارحیت کا جواب پوری قوت اور قومی یکجہتی کے ساتھ دیا جائے گا اور پاکستان کی سلامتی و خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
گورنر نے کہا کہ شہداء اور غازی قوم کا فخر ہیں اور ان کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ بہادر سپوتوں نے مادرِ وطن کے دفاع میں لازوال قربانیاں دے کر تاریخ رقم کی ہے۔





