پشاور اسٹریٹ لائٹس منصوبےمیں مبینہ بے ضابطگیوں کا انکشاف، پی ٹی آئی اکاؤنٹیبلٹی کمیٹی کا وزیربلدیات مینا خان آفریدی کو مراسلہ

پشاور اسٹریٹ لائٹس منصوبےمیں مبینہ بے ضابطگیوں کا انکشاف، پی ٹی آئی کمیٹی کا وزیربلدیات مینا خان آفریدی کو مراسلہ

شاہدجان
پشاور میں اسٹریٹ لائٹس کی تنصیب اور متعلقہ سامان کی خریداری کے منصوبے میں مبینہ بے ضابطگیوں کا معاملہ سامنے آنے کے بعد تحریک انصاف کی انٹرنل اکاؤنٹیبلٹی کمیٹی نے نوٹس لیتے ہوئے وزیر بلدیات مینا خان آفریدی کو مراسلہ ارسال کر دیا ہے۔

کمیٹی کو موصول ہونے والی شکایت کے مطابق ڈائریکٹوریٹ آف ایسٹرن زون پشاور کی مختلف نیبرہڈ کونسلز میں اسٹریٹ لائٹس کی تنصیب کے منصوبے میں مبینہ “مس پروکیورمنٹ” کی گئی ہے۔

مراسلے میں انکشاف کیا گیا ہے کہ ٹینڈر کے عمل میں شامل 32 کمپنیوں میں سے 31 کو تکنیکی بنیادوں پر نااہل قرار دے کر صرف ایک پسندیدہ کمپنی “میان غازی انٹرپرائزز جے وی” کو اہل قرار دیا گیا۔

انٹرنل اکاؤنٹیبلٹی کمیٹی کی ابتدائی تحقیقات میں یہ چونکا دینے والی حقیقت بھی سامنے آئی ہے کہ جس کمپنی کو واحد اہل قرار دے کر نوازا گیا، اسے خود اسی پروکیورنگ ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے پہلے ہی بلیک لسٹ کیا جا چکا تھا۔

کمیٹی نے مراسلے میں محکمہ کی جانب سے فیکٹ فائنڈنگ انکوائری شروع کرنے کے اقدام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ انکوائری رپورٹ کو فوری طور پر منظر عام پر لایا جائے اور مبینہ بے ضابطگیوں میں ملوث تمام افراد کے خلاف سخت قانونی و تادیبی کارروائی یقینی بنائی جائے۔

کمیٹی نے وزیر بلدیات کو مزید سفارش کی ہے کہ بڈنگ پراسیس کی تفصیلات اور جاری انکوائری رپورٹ کی ایگزیکٹو سمری کمیٹی کے ساتھ بھی شیئر کی جائے تاکہ شفافیت کو برقرار رکھا جا سکے۔

Scroll to Top