اسلام آباد: چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے الزام عائد کیا ہے کہ بھارت پاکستان میں دہشت گردی کے لیے مختلف تنظیموں کی مالی معاونت کر رہا ہے، جبکہ پاکستان اور بھارت کے درمیان موجودہ کشیدگی کسی بھی وقت ایک نئے تنازع کی شکل اختیار کر سکتی ہے۔
فرانسیسی ٹی وی چینل کو دیے گئے انٹرویو میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کے لیے پاکستان اور بھارت دونوں کو مذاکرات کا راستہ اپنانا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی صرف پاکستان نہیں بلکہ بھارت کے لیے بھی ایک بڑا چیلنج ہے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی نہ صرف جنوبی ایشیا بلکہ عالمی امن کے لیے بھی خطرہ بن سکتی ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ جنگ اور تصادم کسی مسئلے کا حل نہیں، اصل راستہ صرف اور صرف بات چیت ہے۔
یہ بھی پڑھیں : انکم ٹیکس نظام میں بڑی تبدیلی، عدالت کا فیصلہ سامنے آ گیا
بلاول بھٹو زرداری نے ایران اور امریکا کے درمیان ممکنہ کشیدگی پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ آبنائے ہرمز کا مسئلہ کسی بھی صورت فوجی طریقے سے حل نہیں کیا جا سکتا۔
ان کے مطابق اگر ایران اور امریکا کے درمیان تنازع دوبارہ شدت اختیار کرتا ہے تو اس کے اثرات پورے عالمی نظام پر مرتب ہوں گے۔
انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کم کرنے کے لیے فوری اور مؤثر سفارتی اقدامات کرے تاکہ کسی بڑے بحران سے بچا جا سکے۔





