معرکہ حق کو ایک سال مکمل، سابق کھلاڑیوں کا افواج پاکستان کو خراج تحسین

اسلام آباد: “معرکہ حق” کو ایک سال مکمل ہونے پر سابق قومی کھلاڑیوں نے پاک افواج کو شاندار خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے اسے پاکستان کی دفاعی تاریخ کا اہم اور فیصلہ کن مرحلہ قرار دیا ہے۔

مختلف سابق کرکٹرز اور اولمپئنز نے کہا کہ اس موقع پر قوم اپنے محافظوں کی جرات اور کامیابیوں کو سلام پیش کرتی ہے۔

سابق مایہ ناز اسپنر توصیف احمد نے کہا کہ “معرکہ حق” میں پاکستان نے دشمن کو واضح اور مؤثر جواب دیا، جس کے بعد دنیا بھر میں پاکستان کی افواج کی صلاحیتوں کا اعتراف کیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ حتیٰ کہ امریکا جیسے بڑے ملک نے بھی پاکستان کی دفاعی حکمتِ عملی اور کامیابیوں کو سراہا، جو پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہے۔

سابق کپتان معین خان نے کہا کہ معرکہ حق میں حصہ لینے والے تمام ادارے اور جوان خراجِ تحسین کے مستحق ہیں۔

ان کے مطابق اس کامیابی نے نہ صرف ملک کے دفاع کو مضبوط کیا بلکہ قوم کے اعتماد میں بھی اضافہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم کو اپنی افواج پر فخر ہے جو ہر مشکل وقت میں ملک کے دفاع کے لیے تیار رہتی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : بھارت پاکستان میں دہشت گردی کے لیے مختلف تنظیموں کو فنڈنگ کر رہا ہے،بلاول بھٹو

سابق اولمپئن اصلاح الدین نے کہا کہ فیلڈ مارشل کی قیادت میں پاکستان کا دفاع پہلے سے کہیں زیادہ مضبوط ہوا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ “معرکہ حق” نے ثابت کیا کہ پاکستان اپنی خودمختاری اور سلامتی کے تحفظ کے لیے ہر سطح پر مکمل طور پر تیار ہے۔

مختلف سابق کھلاڑیوں نے اس موقع پر اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ پاکستان کی مسلح افواج نے نہ صرف دفاعی میدان میں کامیابیاں حاصل کی ہیں بلکہ قومی یکجہتی اور حوصلے کو بھی مضبوط کیا ہے۔

ان کے مطابق “معرکہ حق” پاکستان کی عسکری تاریخ میں ایک نمایاں اور یادگار باب کے طور پر ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

Scroll to Top