اسلام آباد: عیدالاضحیٰ کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ اسلام آباد نے وفاقی دارالحکومت میں 6 مویشی منڈیاں قائم کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
یہ منڈیاں مختلف مقامات پر قائم کی جائیں گی تاکہ شہریوں کو قربانی کے جانوروں کی خریداری میں سہولت فراہم کی جا سکے۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق مویشی منڈیاں ضیاء مسجد، آئی-12، بارہ کہو، لہتراڑ روڈ سلطانہ فاؤنڈیشن، سنگجانی اور جاپان روڈ پر قائم ہوں گی، جبکہ ان کا باقاعدہ آغاز 10 مئی سے کیا جائے گا۔
ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے متعلقہ اداروں کو ہدایت دی ہے کہ مویشی منڈیوں میں پارکنگ، صفائی ستھرائی، سیکیورٹی اور دیگر انتظامات مکمل اور مؤثر انداز میں یقینی بنائے جائیں تاکہ شہریوں کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ ہو۔
انتظامیہ کے مطابق منڈیوں میں نوٹیفائیڈ ریٹ سے زائد فیس وصول کرنے کی شکایات کا فوری ازالہ کیا جائے گا۔ اس مقصد کے لیے ہر مویشی منڈی میں ایک مجسٹریٹ ہمہ وقت موجود ہوگا جو انتظامی امور کی نگرانی کرے گا۔
یہ بھی پڑھیں : معرکہ حق کے بعد عالمی سطح پر پاکستان کا وقار مزید بلند ہوا، خواجہ آصف
ڈی سی اسلام آباد نے ٹریفک پولیس کو بھی خصوصی پلان تیار کرنے کی ہدایت کی ہے تاکہ منڈیوں سے متصل شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی برقرار رکھی جا سکے اور شہریوں کو آمدورفت میں مشکلات پیش نہ آئیں۔
ضلعی انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ مقررہ 6 مویشی منڈیوں کے علاوہ شہر کے کسی بھی مقام پر جانوروں کی خرید و فروخت کی اجازت نہیں ہوگی، اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔





