خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں میں پولیس اسٹیشن فتح خیل پر خوارج کا بڑا خودکش حملہ پولیس کی بہادری سے ناکام بنا دیا گیا تاہم دھماکے کے نتیجے میں دو پولیس اہلکار شہید اور دو زخمی ہو گئے۔
خوارج نے بارود سے بھری گاڑی پولیس اسٹیشن سے ٹکرانے کی ناپاک کوشش کی لیکن وہاں موجود مستعد پولیس اہلکاروں نے گاڑی کو ہدف تک پہنچنے سے پہلے ہی فائرنگ کر کے اڑا دیا۔
گاڑی میں موجود بارود پھٹنے سے زوردار دھماکہ ہوا جس کی وجہ سے پولیس پوسٹ کی چھت گر گئی اور ملبے تلے دب کر دو جوان شہید جبکہ دو زخمی ہو گئے۔
دھماکے کی شدت اس قدر زیادہ تھی کہ قریبی سول آبادی میں بھی کئی گھروں کو بھاری نقصان پہنچا اور چھتیں گرنے سے دو شہری بھی زخمی ہوئے ہیں۔ واقعے کے فوری بعد سیکیورٹی فورسز اور امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ ملوث عناصر کے خلاف سرچ آپریشن جاری ہے اور دفاعی حصار مزید سخت کر دیا گیا ہے۔





