طلبہ کیلئے بڑی خبر: ڈبل اور جوائنٹ ڈگری پروگرامز متعارف کرانے کا اعلان

اسلا م آباد: ہائر ایجوکیشن کمیشن پاکستان نے ملک بھر کے طلبہ کے لیے اہم تعلیمی اقدام کرتے ہوئے ڈوئل، ڈبل اور جوائنٹ ڈگری پروگرامز متعارف کروانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

اس نئی پالیسی کا مقصد طلبہ کو جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ تعلیم، اضافی مہارتیں اور عالمی معیار کے تعلیمی مواقع فراہم کرنا ہے۔

ایچ ای سی کے مطابق اس اقدام کے ذریعے طلبہ کو ایک ہی وقت میں مختلف شعبوں میں تعلیم حاصل کرنے کا موقع ملے گا، جس سے نہ صرف وقت اور اخراجات میں بچت ہوگی بلکہ نوجوانوں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں بھی اضافہ ہوگا۔

نئے نظام کے تحت طلبہ بیک وقت دو مختلف شعبوں میں ڈگریاں حاصل کرسکیں گے۔ مثال کے طور پر کوئی طالبعلم BS اسلامیات کے ساتھ BS پولیٹیکل سائنس جبکہ BBA کے ساتھ LLB کی تعلیم بھی حاصل کرسکے گا۔ اس اقدام کو جدید جاب مارکیٹ کے تقاضوں کے مطابق ایک بڑی پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

ایچ ای سی کا کہنا ہے کہ اس پالیسی کے تحت پاکستانی جامعات اور غیر ملکی یونیورسٹیوں کے درمیان مشترکہ ڈگری پروگرامز بھی شروع کیے جائیں گے۔

ان جوائنٹ پروگرامز کے ذریعے طلبہ کو بین الاقوامی معیار کی تعلیم، تحقیق اور پیشہ ورانہ مواقع تک بہتر رسائی حاصل ہوسکے گی۔

یہ بھی پڑھیں : افواج پاکستان کے مربوط ردعمل نے دشمن کے عزائم خاک میں ملا دیے، وزیراعظم

تعلیمی ماہرین کے مطابق دنیا بھر میں ملٹی ڈسپلنری تعلیم کا رجحان تیزی سے بڑھ رہا ہے، جہاں طلبہ ایک سے زائد شعبوں میں مہارت حاصل کرکے روزگار کے بہتر مواقع حاصل کرتے ہیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ پاکستان میں بھی یہ اقدام نوجوانوں کو عالمی مسابقت کے قابل بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

ایچ ای سی نے واضح کیا ہے کہ ہر یونیورسٹی اپنی پالیسی، فیس اسٹرکچر، ٹائم ٹیبل اور قواعد و ضوابط الگ سے مرتب اور جاری کرے گی، جبکہ پروگرامز کے عملی نفاذ سے متعلق تفصیلات متعلقہ جامعات کی جانب سے فراہم کی جائیں گی۔

ماہرین تعلیم کے مطابق ڈوئل، ڈبل اور جوائنٹ ڈگری پروگرامز کے آغاز سے طلبہ کو نہ صرف تعلیمی میدان میں وسعت ملے گی بلکہ ملکی و بین الاقوامی سطح پر کیریئر کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔

Scroll to Top