اسلام آباد: صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے معرکہ حق کی پہلی سالگرہ پر قوم اور مسلح افواج کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے خصوصی پیغام جاری کیا ہے، جس میں انہوں نے افواج پاکستان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، قیادت اور قربانیوں کو سراہا ہے۔
وفاقی دارالحکومت سے جاری بیان میں صدر مملکت نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت، حکمت عملی اور جرات مندانہ فیصلوں کو معرکہ حق کی کامیابی میں کلیدی قرار دیا۔
انہوں نے پاک فضائیہ کے سربراہ ظہیر احمد بابر سدھو اور فضائیہ کے شاہینوں کی غیر معمولی مہارت اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔
آصف زرداری نے پاک بحریہ کے سربراہ نوید اشرف اور بحری افواج کی مکمل آپریشنل تیاری اور دفاعی صلاحیتوں کو قومی سلامتی کے لیے قابل فخر قرار دیا۔
اپنے پیغام میں صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان ایک ذمہ دار اور امن پسند ریاست ہے جو دشمن کی جارحیت کا بھرپور مگر متوازن جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے دنیا کو اپنی دفاعی صلاحیتوں کا واضح پیغام دیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ غیرقانونی طور پر بھارت کے زیرِ قبضہ جموں و کشمیر کا مسئلہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہیے اور پاکستان کشمیری عوام کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔
صدر مملکت نے بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کی معطلی کی کوشش کو “آبی دہشت گردی” قرار دیتے ہوئے کہا کہ پانی کروڑوں پاکستانیوں کی زندگی کا بنیادی مسئلہ ہے۔
یہ بھی پڑھیں : افواج پاکستان کے مربوط ردعمل نے دشمن کے عزائم خاک میں ملا دیے، وزیراعظم
انہوں نے زور دیا کہ افغانستان اپنی سرزمین پاکستان اور خطے کے دیگر ممالک کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال نہ ہونے دے۔
آصف زرداری نے کہا کہ بیرونی پشت پناہی میں سرگرم دہشت گردی کا خاتمہ خطے کے امن کے لیے ناگزیر ہے۔
انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان خطے میں توازن اور استحکام کی علامت کے طور پر ابھرا ہے۔
انہوں نے ایران-امریکہ تنازع کے پرامن حل کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں کو عالمی سطح پر سراہا جانے کا ذکر بھی کیا۔
صدر مملکت نے آخر میں کہا کہ پاکستانی قوم اور مسلح افواج ہر چیلنج کا مقابلہ کرنے اور وطن کے دفاع کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔





