خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں آندھی، بارش اور آسمانی بجلی، متعدد افراد جاں بحق و زخمی

پشاور: پشاور سمیت خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ ہلکی اور طوفانی بارش کا سلسلہ جاری رہا، جبکہ تیز ہواؤں اور آندھی کے باعث کئی علاقوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ پشاور شہر پر دن بھر کالی گھٹاؤں نے ڈیرے ڈالے رکھے اور مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے تیز ہوائیں چلتی رہیں۔

تیز ہواؤں کے باعث گرمی کی شدت میں واضح کمی ریکارڈ کی گئی جبکہ ہلکی بارش کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا۔ شہریوں نے ٹھنڈی فضا اور خوشگوار موسم کا بھرپور لطف اٹھایا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں مزید بارش اور گرج چمک کے ساتھ تیز ہواؤں کا امکان موجود ہے۔ ماہرین موسمیات نے شہریوں کو خراب موسم کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : سوات میں فلائنگ کوچ کھائی میں جا گری، 5 افراد جاں بحق، 10 زخمی

دوسری جانب مختلف اضلاع میں طوفانی موسم کے باعث متعدد حادثات بھی پیش آئے۔ ایبٹ آباد کے علاقے ملکپورہ چٹہ پل کے قریب تیز ہواؤں کے باعث ایک نجی اسکول کی چھت اڑ گئی جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

صوابی کے علاقے ترلاندی میں آسمانی بجلی گرنے کے نتیجے میں پولیس اہلکار نعیم خان ولد ادریس خان جاں بحق ہوگئے جبکہ ان کے بھائی سعید خان زخمی ہوگئے۔

سرکاری ذرائع کے مطابق طوفانی بارش اور تیز ہواؤں کے دوران مختلف حادثات میں خاتون سمیت 2 افراد جاں بحق جبکہ 7 افراد زخمی ہوئے۔

تحصیل رستم کے گاؤں مچھی الطاف آباد بانڈہ میں بھی تیز طوفان کے دوران افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں درخت گرنے سے میر محمد خان نامی بزرگ شدید زخمی ہوگئے۔

صوابی میں خراب موسم کے باعث مختلف حادثات رپورٹ ہوئے۔ ڈاگئی میں ایک گھر میں آگ بھڑک اٹھی جس پر ریسکیو 1122 کی فائر فائٹر ٹیم کو روانہ کردیا گیا۔ مال لارہ کے مقام پر بھی آگ لگنے کی اطلاع ملی جہاں امدادی کارروائیاں جاری رہیں۔

کالوخان میں سولر پینل گرنے سے ایک بچہ شدید زخمی ہوگیا جبکہ یار حسین اڈہ میں طوفانی ہواؤں کے باعث بورڈ گرنے سے دو افراد زخمی ہوئے۔

یہ بھی پڑھیں : پشاور، ٹھنڈی ہواؤں کے ساتھ ہلکی بارش، موسم خوشگوار، گرمی کا زور ٹوٹ گیا

باجا کلی میں گھر کی دیوار گرنے سے ایک خاتون جاں بحق ہوگئی جبکہ شیوہ کلی میں دیوار گرنے سے ایک شخص شدید زخمی ہوا۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق ترلاندی میں آسمانی بجلی گرنے کے نتیجے میں دو افراد زخمی ہوئے، جبکہ ریسکیو 1122 کنٹرول روم کو موصول تمام ایمرجنسی کالز پر فوری کارروائی کرتے ہوئے امدادی ٹیمیں مختلف علاقوں میں روانہ کردی گئیں۔

ادھر بونیر اور گردونواح میں بھی شدید آندھی، طوفان اور گرج چمک کے ساتھ بارش نے نظام زندگی متاثر کردیا۔

دن کے وقت اندھیرا چھا جانے سے لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ سواڑی، دیوانہ بابا اور دیگر علاقوں میں سائن بورڈ زمین پر گر گئے۔ مختلف بازاروں میں دکانداروں نے احتیاطاً دکانوں کے شٹر بند کردیئے۔

طوفانی موسم کے باعث کئی علاقوں میں شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا جبکہ امدادی ادارے الرٹ رہے۔

Scroll to Top