فضل نبی
تھانہ اضاخیل پولیس نے اپنی بیوی کو اینٹوں کے وار کر کے بے دردی سے قتل کرنے والے سفاک ملزم کو گرفتار کر لیا۔
پولیس نے ملزم کی نشاندہی پر آلہ قتل (اینٹ) بھی برآمد کر کے تفتیش کا دائرہ وسیع کر دیا ہے۔
واضح رہے کہ چند روز قبل گاؤں امان گڑھ میں گھریلو ناچاقی کی بنا پر ملزم زبیر عرف ‘ویگنئے’ نے طیش میں آکر اپنی بیوی (جو چار بچوں کی ماں تھی) کو اینٹ مار کر قتل کر دیا تھا۔ واقعے کی رپورٹ مقتولہ کی بہن مسماۃ (ل) نے تھانہ اضاخیل میں درج کروائی جس پر پولیس نے فوری مقدمہ درج کر کے کارروائی شروع کی۔
ضلعی پولیس سربراہ (ڈی پی او) احمد شاہ نے واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ایس ڈی پی او نوشہرہ کینٹ حفیظ یوسفزئی کی نگرانی میں ایس ایچ او کلیم اللہ اور تفتیشی افسر جاوید خان پر مشتمل ٹیم تشکیل دی اور قاتل کی فوری گرفتاری کا ٹاسک سونپا۔ پولیس ٹیم نے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے کامیاب کارروائی کی اور ملزم زبیر ولد آزاد کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق ملزم نے ابتدائی تفتیش کے دوران اپنے جرم کا اعتراف کر لیا ہے۔
اس موقع پر ڈی پی او احمد شاہ نے عوام سے اپیل کی کہ گھریلو تنازعات کو افہام و تفہیم سے حل کریں، کیونکہ غصہ اور عدم برداشت ہنستے بستے گھر اجاڑ دیتا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ایسے سفاک ملزمان کسی رعایت کے مستحق نہیں اور نوشہرہ پولیس انصاف کی فراہمی کو ہر صورت یقینی بنائے گی۔





