اسلام آباد : وفاقی حکومت نے کفایت شعاری مہم کے تحت ایندھن کی بچت کے لیے نافذ پابندیوں میں توسیع کا فیصلہ کر لیا ہے۔ اس حوالے سے کابینہ ڈویژن کی جانب سے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ایندھن کے تحفظ اور کفایت شعاری اقدامات کے تحت نافذ پابندیوں میں 13 جون تک توسیع کی گئی ہے۔
حکومت کی جانب سے جاری پالیسی کے تحت سرکاری گاڑیوں کے لیے ایندھن کی فراہمی میں 50 فیصد کمی بدستور برقرار رہے گی جبکہ 60 فیصد سرکاری گاڑیاں تاحکمِ ثانی بند رکھی جائیں گی۔
نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ یہ اقدامات سرکاری اخراجات میں کمی اور وسائل کے مؤثر استعمال کو یقینی بنانے کے لیے جاری رکھے جا رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : خودکش حملہ ناکام بنانے والے شہری لیاقت کو قوم کا ہیرو قرار، محسن نقوی کا خراجِ عقیدت
واضح رہے کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کفایت شعاری مہم پر عملدرآمد کے جائزے کے بعد کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں ان اقدامات میں توسیع کی منظوری دی۔
حکومت کا مؤقف ہے کہ مالی نظم و ضبط اور غیر ضروری اخراجات میں کمی کے لیے یہ اقدامات ناگزیر ہیں۔





