بل ادا کرنے والے بجلی صارفین کیلئے خوشخبری ،حکومت نے لوڈشیڈنگ کیلئےنئی پالیسی بنالی

وفاقی وزیر توانائی سردار اویس لغاری نے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے ملک میں جاری لوڈشیڈنگ کی اصل وجہ شہریوں کی جانب سے بجلی کے بلوں کی عدم ادائیگی کو قرار دے دیا ہے۔

انہوں نے ایوان کو بتایا کہ اس وقت ملک بھر کے ساڑھے گیارہ ہزار فیڈرز پر زیرو لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے تاہم جن علاقوں میں نقصانات زیادہ ہیں وہاں لوڈشیڈنگ مجبوری ہے کیونکہ اگر ایسا نہ کیا گیا تو قومی خسارہ مزید بڑھ جائے گا۔

اویس لغاری نے بجلی چوری اور عدم ادائیگی کے مسئلے سے نمٹنے کے لیے ایک اہم پالیسی تبدیلی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اب لوڈشیڈنگ کا سلسلہ فیڈرز کے بجائے ٹرانسفارمر کی سطح پر منتقل کیا جا رہا ہے۔ اس نئے میکانزم کے تحت جس ٹرانسفارمر سے منسلک صارفین بل ادا نہیں کریں گے صرف وہیں بجلی بند کی جائے گی جبکہ بل ادا کرنے والے صارفین کو ریلیف مل سکے گا۔

وفاقی وزیر نے واضح کیا کہ ایک سال کے اندر تمام تکنیکی امور مکمل کر کے یہ پالیسی باقاعدہ لاگو کر دی جائے گی۔

اپنی گفتگو کے دوران انہوں نے عوامی شکایات کا حوالہ دیتے ہوئے یہ انکشاف بھی کیا کہ خود ان کے اپنے انتخابی حلقے میں بھی پانچ ایسے فیڈرز موجود ہیں جہاں نقصانات کی وجہ سے اٹھارہ گھنٹے تک لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے۔

انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت بجلی کے شعبے میں اصلاحات کے ذریعے نقصانات کو کم کرنے اور ایماندار صارفین کو بلا تعطل بجلی فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔

Scroll to Top