اقبال آفریدی

پی ٹی آئی ایم این اے اقبال آفریدی نےبیٹے کے بیرون ملک پناہ لینے کی خبروں کی تصدیق کردی

پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی اقبال آفریدی نے اپنے بیٹے کے بیرون ملک سیاسی پناہ (اسائلم) لینے کی تصدیق کر دی ہے۔

ایک ویڈیو بیان میں اقبال آفریدی نے اعتراف کیا کہ ان کا بیٹا اس وقت بیرون ملک مقیم ہے اور وہاں اسائلم لے رکھی ہے۔

قبل ازیں، سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کے اجلاس میں یہ انکشاف سامنے آیا تھا کہ اقبال آفریدی کے بیٹے نے اٹلی میں پناہ لی ہے۔

اجلاس کے بعد جب صحافیوں نے پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر ان سے اس متعلق سوالات کیے تو انہوں نے برہمی کا اظہار کیا، تاہم بعد ازاں اپنے بیٹے کے اقدام کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ یہ کوئی انوکھا معاملہ نہیں ہے اور ماضی میں بھی کئی افراد ایسے فیصلے کرتے رہے ہیں۔

دوسری جانب، قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران پی ٹی آئی کے اندرونی اختلافات بھی اس وقت کھل کر سامنے آگئے جب رکن اسمبلی اقبال آفریدی اور جنید اکبر کے درمیان تلخ کلامی کے بعد ہاتھا پائی کی نوبت آگئی۔

واقعہ اس وقت پیش آیا جب وزیر دفاع خواجہ آصف کی تقریر کے دوران اقبال آفریدی بار بار مداخلت کر رہے تھے، جس پر ان کی اپنی ہی پارٹی کے ساتھی جنید اکبر نے انہیں خاموش رہنے کا اشارہ کیا۔

اقبال آفریدی کو یہ اشارہ ناگوار گزرا اور وہ جنید اکبر سے الجھ پڑے، جس کے بعد دونوں ایک دوسرے کی جانب لپکے۔

Scroll to Top