اسلا م آباد: چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد نے کہا ہے کہ پاکستان عالمی سطح پر امن کے مرکز کے طور پر ابھر رہا ہے جبکہ بھارت کو سفارتی سطح پر تنقید اور تنہائی کا سامنا ہے۔
اسلام آباد میں منعقدہ “معرکہ حق استحکام پاکستان کانفرنس” سے خطاب کرتے ہوئے مولانا عبدالخبیر آزاد نے کہا کہ پہلگام واقعہ بھارت کی جانب سے پاکستان پر جنگ مسلط کرنے کا ایک “ڈرامہ” تھا۔
انہوں نے کہا کہ 10 مئی 2025 کو شروع کیے گئے آپریشن “بنیان مرصوص” کے دوران افواج پاکستان نے تاریخی کامیابی حاصل کی اور اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو فتح سے نوازا۔
مولانا عبدالخبیر آزاد کے مطابق پاک فضائیہ نے بھارتی جنگی طیاروں کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا اور رافیل سمیت متعدد طیارے مار گرائے گئے۔ انہوں نے کہا کہ اس کامیابی پر قوم آج یومِ تشکر منا رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاک فضائیہ اور دیگر مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو عالمی سطح پر سراہا جا رہا ہے جبکہ پاکستان کا دفاع پہلے سے زیادہ مضبوط ہوا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : شوہر کی پرانی گاڑی نے اہلیہ کی قسمت بدل دی
کانفرنس سے خطاب میں انہوں نے جنرل عاصم منیر کی قیادت کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔
مولانا عبدالخبیر آزاد نے کہا کہ پاکستان کا بچہ بچہ ملک کے دفاع کے لیے تیار ہے جبکہ فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان جیسے عناصر کے خاتمے کے لیے کوششیں جاری ہیں۔
کانفرنس کے دوران شرکاء نے افواج پاکستان سے اظہار یکجہتی کیا، سبز ہلالی پرچم لہرائے اور “پاکستان زندہ باد” اور “افواج پاکستان پائندہ باد” کے نعرے لگائے۔





