اسلام آباد: صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیرِاعظم شہباز شریف اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ضلع بارکھان کے علاقے نوشم میں دہشتگردوں کے خلاف سکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائی پر فورسز کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
کارروائی کے دوران پاک فوج کے افسر میجر توصیف احمد بھٹی سمیت دیگر اہلکاروں نے جامِ شہادت نوش کیا، جنہیں ملک کی قیادت اور عوام کی جانب سے بھرپور خراجِ عقیدت پیش کیا جا رہا ہے۔
صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے شہداء کو سلامِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ میجر توصیف احمد بھٹی اور دیگر شہداء نے وطنِ عزیز کے امن، سلامتی اور دفاع کے لیے عظیم قربانیاں دی ہیں۔ انہوں نے شہداء کے اہلِ خانہ کے لیے صبرِ جمیل اور درجات کی بلندی کی دعا بھی کی۔
وزیرِاعظم شہباز شریف نے بارکھان میں دہشتگردوں کے خلاف آپریشن میں 7 خوارجیوں کی ہلاکت پر سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا۔
انہوں نے کہا کہ شہداء میجر توصیف احمد بھٹی، نائیک فدا حسین، سپاہی ذاکر حسین، سپاہی سہیل احمد اور سپاہی محمد ایاز نے ملک کے دفاع میں لازوال قربانی دی۔
یہ بھی پڑھیں : بلوچستان، چمالنگ میں سیکیورٹی فورسز کا بڑا آپریشن، 8 دہشت گرد ہلاک،میجر سمیت 5 جوان شہید
وزیرِاعظم نے کہا کہ یہ بہادر سپوت دہشتگردوں کے خلاف آپریشن کے دوران عہدِ وفا کی عظیم مثال قائم کر گئے، اور پاکستانی قوم اپنے شہداء کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی آپریشن میں شہید ہونے والے میجر توصیف احمد اور دیگر اہلکاروں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہداء نے بھارتی سپانسرڈ دہشتگردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا۔ انہوں نے کہا کہ شہداء کے خون کا ایک ایک قطرہ وطن کے تحفظ کی ضمانت ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ شہداء ہمیشہ قوم کے سر کا تاج ہیں اور ان کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ ملک کی قیادت نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک سکیورٹی فورسز کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔





