ریاض: سعودی عرب رواں سال کے آخر میں اپنی پہلی فرنچائز ٹی 20 کرکٹ لیگ کے انعقاد کی تیاری کر رہا ہے، جس کے ذریعے مملکت کھیلوں کی دنیا میں اپنی موجودگی مزید مضبوط بنانے کی کوشش کر رہی ہے۔
کرکٹ ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق “ڈیونز لیگ ٹی 20” کے نام سے متوقع یہ ٹورنامنٹ اکتوبر میں شروع ہو سکتا ہے، جس میں مختلف ممالک کے ریٹائرڈ انٹرنیشنل کرکٹرز کی شرکت متوقع ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اگرچہ یہ کھلاڑی بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائر ہو چکے ہوں گے، تاہم وہ فرنچائز کرکٹ میں اب بھی سرگرم ہوں گے۔
رپورٹ کے مطابق لیگ کو سعودی عرب کرکٹ فیڈریشن کی منظوری حاصل ہو چکی ہے، جبکہ 6 ٹیموں پر مشتمل اس ایونٹ کے میچز طائف میں کھیلے جائیں گے۔
ذرائع کے مطابق لیگ میں زیادہ سے زیادہ چار ایسے کھلاڑی شامل کیے جا سکیں گے جنہوں نے گزشتہ دو برسوں کے دوران مکمل رکن ممالک کی نمائندگی کی ہو۔
کرکٹ ویب سائٹ کا کہنا ہے کہ لیگ میں شریک کھلاڑیوں کو زیادہ سے زیادہ ایک لاکھ ڈالر تک معاوضہ دیے جانے کا امکان ہے۔
یہ بھی پڑھیں : محمد نواز کے خلاف آئی سی سی کی کارروائی پر پی سی بی کا ردعمل
رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ گزشتہ چند برسوں کے دوران سعودی عرب کھیلوں کے شعبے میں تیزی سے ابھرتی ہوئی طاقت کے طور پر سامنے آیا ہے۔ مملکت فٹبال، ٹینس، باکسنگ اور دیگر عالمی ایونٹس کے انعقاد کے ذریعے اپنی معیشت کو متنوع بنانے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔
گزشتہ چند سال سے یہ قیاس آرائیاں بھی جاری تھیں کہ سعودی عرب مستقبل میں ایسی ٹی 20 لیگ متعارف کرا سکتا ہے جو مقبول بھارتی پریمیئر لیگ (IPL) کا مقابلہ کرے۔
رپورٹ کے مطابق سعودی عرب نے حالیہ برسوں میں کرکٹ کے شعبے میں اپنی سرگرمیاں بڑھائی ہیں، جن میں آئی سی سی کے ساتھ اسپانسرشپ معاہدے، آئی پی ایل نیلامی کی میزبانی اور متحدہ عرب امارات کی ILT20 لیگ کے ساتھ شراکت داری شامل ہیں۔





