عالمی مارکیٹ سے اچھی خبر، خام تیل کی قیمتیں اچانک نیچے آگئیں

عالمی مارکیٹ سے اچھی خبر، خام تیل کی قیمتیں اچانک نیچے آگئیں

عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں آج واضح کمی ریکارڈ کی گئی ہے جسے توانائی کی عالمی مارکیٹ کے لیے ایک مثبت پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

گزشتہ کئی روز سے مشرقِ وسطیٰ کی ابتر صورتحال اور سپلائی متاثر ہونے کے خدشات کے باعث قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا تھاتاہم آج کی گراوٹ نے سرمایہ کاروں اور صارفین کو کسی حد تک سکون فراہم کیا ہے۔

بین الاقوامی مارکیٹ کے تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (WTI) خام تیل کی قیمت کم ہو کر تقریباً 101 ڈالر فی بیرل کی سطح پر آگئی ہے۔ اسی طرح برینٹ کروڈ کی قیمتوں میں بھی کمی دیکھی گئی ہے اور یہ اب تقریباً 105 ڈالر فی بیرل کے قریب ٹریڈ کر رہا ہے۔

معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ قیمتوں میں اس حالیہ کمی کی بڑی وجہ عالمی منڈی میں وقتی استحکام اور سرمایہ کاروں کی محتاط حکمت عملی ہے۔ اگرچہ خطے میں سیاسی تناؤ اب بھی برقرار ہے، لیکن حالیہ سفارتی رابطوں اور سپلائی چین کے تسلسل کی امید نے مارکیٹ پر موجود دباؤ کو کسی حد تک کم کر دیا ہے۔

خام تیل کی قیمتوں میں ہونے والی یہ معمولی کمی پاکستان جیسے ممالک کے لیے خاصی اہمیت رکھتی ہے جو اپنی توانائی کی ضروریات کے لیے درآمدی ایندھن پر انحصار کرتے ہیں۔ عالمی سطح پر قیمتیں نیچے آنے سے مقامی سطح پر پیٹرولیم مصنوعات کے نرخوں اور ٹرانسپورٹ کے اخراجات میں کمی کی راہ ہموار ہو سکتی ہے۔

دوسری جانب ماہرین نے متنبہ کیا ہے کہ عالمی حالات اب بھی غیر یقینی ہیں اور تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کا سلسلہ جاری رہ سکتا ہے۔ اگر مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی دوبارہ بڑھی یا سپلائی لائن متاثر ہوئی تو خام تیل کی قیمتیں ایک بار پھر تیزی سے اوپر جا سکتی ہیں، جس کے لیے عالمی مارکیٹ کو تیار رہنا ہوگا۔

Scroll to Top