گورنر خیبرپختونخوا کا وزیراعلیٰ سہیل آفریدی سے رابطہ، لاک ڈاؤن ختم کرنے پر اتفاق

خیبر پختونخوا کے گورنر فیصل کریم کنڈی نے عید الاضحیٰ کے قریب آتے ہی صوبے میں پنجاب کی طرز پر لاک ڈاؤن ختم کرنے کی تجویز پیش کر دی ہے۔

بیان کے مطابق فیصل کریم کنڈی نے وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور تجارتی سرگرمیوں کی بحالی پر تبادلہ خیال کیا۔

گورنر نے تجویز دی ہے کہ دکانوں، مارکیٹوں، شاپنگ مالز اور ریسٹورنٹس کو لاک ڈاؤن سے استثنیٰ دیا جائے تاکہ عید کی خریداری کے لیے آنے والے عوام کو سہولت مل سکے۔

وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی نے گورنر کی ان تجاویز سے اتفاق کیا ہے جس کے بعد صوبے میں کاروباری پابندیوں میں بڑی نرمی کا امکان پیدا ہو گیا ہے۔

فیصل کریم کنڈی کا کہنا ہے کہ بازاروں اور شاپنگ مالز کے اوقات کار میں نرمی لانے سے تاجر برادری کا مالی نقصان کم ہو سکے گا۔ انہوں نے زور دیا کہ عوام کو ریلیف فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہونی چاہیے اور کاروباری سرگرمیوں کی بحالی سے ہی صوبے کی معیشت کو استحکام ملے گا۔

گورنر نے مزید کہا کہ وہ تاجر برادری کو درپیش مشکلات سے پوری طرح آگاہ ہیں اور حکومت کو ان کے مسائل کے حل کے لیے فوری اقدامات کرنے چاہئیں۔ رابطے کے دوران دونوں رہنماؤں نے صوبے کی مجموعی صورتحال اور عوامی مسائل پر بھی تفصیلی بات چیت کی۔

گورنر اور وزیر اعلیٰ نے اس بات پر اتفاق کیا ہے کہ عوامی سہولت اور معاشی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے مشترکہ حکمت عملی اپنائی جائے گی۔ اس فیصلے سے نہ صرف تاجروں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے بلکہ عید کی تیاریوں میں مصروف شہریوں کو بھی بڑی راحت ملنے کی امید ہے۔

Scroll to Top